ضلعی ترقیاتی کونسل اننت ناگ پرPAGDکاکنٹرول؛ چیئرپرسن اورنائب چیئرپرسن الیکشن میں کامیابی حاصل کرلی

بانڈی پورہ ، بارہمولہ، راجوری ، پونچھ اور رام بن میں آج ہوگاانتخاب

سری نگر:۱۱،فروری: : خصوصی پوزیشن اورجموں وکشمیر کاریاستی درجہ بحال کرانے کیلئے قائم 7سیاسی پارٹیوں کے مشترکہ پلیٹ فارم’پیپلزالائنس برائے گپکار اعلامیہ‘ نے جمعرات کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلعی ترقیاتی کونسل کے عہدیداروں کے انتخاب میں کامیابی حاصل کرلی۔جے کے این ایس کے مطابق جمعرات کو منعقدہ انتخابات کے دوران پیپلزالائنس برائے گپکار اعلامیہ نے اننت ناگ ضلعی ترقیاتی کونسل کے چیئر پرسن اور نائب چیئر پرسن عہدوں پر قبضہ کرلیا۔معلوم ہواکہ نیشنل کانفرنس کے محمد یوسف گورسی اورپی ڈی پی کے ایڈوکیٹ جاوید کو بالترتیب اننت ناگ ضلعی کونسل کے چیئر پرسن اور نائب چیئر پرسن عہدوں کیلئے بلا مقابلہ منتخب قرار دیا گیا۔اس طرح سے اس اتحادیعنی پی اے جی ڈی نے ابتک4ضلعی کونسلوں میں بلاواسطہ اورایک کونسل میں بلواسطہ طورپرکنٹرول حاصل کرلیاہے جبکہ PAGDکے مقابلے میں ابتک بھاجپا اور اپنی پارٹی نے جموں کشمیر کے7اضلاع میں کامیابی حاصل کی ہے۔۔یاد رہے کہ پہلے اور دوسرے مرحلے میں بھاجپا اور اپنی پارٹی نے جموں کشمیر کے12اضلاع میں 7میں کامیابی حاصل کی ہے۔اپنی پارٹی نے وادی میں شوپیان اور سرینگر کے2 اضلاع میں کامیابی حاصل کر لی ہے جبکہ کپوارہ میں پیپلز کانفرنس ،بڈگام میں آزاد امیدوار( جو پی ڈی پی کا ضلع صدر ہے) نے جیت درج کی ہے۔کولگام میں گپکار الائنس کی اکائی سی پی آئی ایم نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے جبکہ تیسرے مرحلے میں گپکار الائنس کی اہم اکائیوں نیشنل کانفرنس اورپی ڈی پی نے گاندربل وپلوامہ میں جیت درج کی اوربھاجپانے ریاسی میں کامیابی حاصل کی۔اسے پہلے بھاجپا نے جموں، ادہمپور،ریاسی،ڈوڈہ اورکٹھوعہ میں کامیابی درج کی ہے جبکہ اپنی پارٹی نے سری نگراورشوپیان کی ضلعی کونسل کاکنٹرول حاصل کیاہے۔اب پانچویں مرحلے میں بانڈی پورہ ، بارہمولہ، راجوری ، پونچھ اور رام بن میں13فروری کو ڈی ڈی سی چیئرپرسن اورنائب چیئرپرسن عہدوں کیلئے انتخابات ہورہے ہیں۔

Comments are closed.