متی پورہ اننت ناگ میںمحاصرے کے دوران گولیاں چلی ، علاقے میں سنسنی ؛ سانبہ میں سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی ، ایک درانداز ہلاک / بی ایس ایف

سرینگر/08فروری: جنوبی ضلع اننت ناگ کے متی پورہ کھنہ بل علاقے میں دوران محاصرہ گولیاں چلنے سے سنسنی کا ماحول پھیل گیا ۔ ادھر جموں کے سانبہ ضلع میں بی ایس ایف نے بین الاقوامی سرحد پر درانداز کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق اننت ناگ کے متی پورہ کھنہ بل علاقے میں سوموار کی صبح اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب فوج و فورسز نے علاقے کا محاصرے میںلیا تو وہاں گولیاں چلنے کی آواز سنائی دی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموںکشمیر پولیس نے سوموار کی صبح علاقے کو محاصرے میں لیا ۔ ذرائع کے مطابق جونہی سیکورٹی فورسز نے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا تو علاقے میں گولیاں چلنے کی آواز سنائی دی جس کے ساتھ ہی وہاں سنسنی کا ماحول پھیل گیا اور لوگ سہم کر ہ گئے تاہم بعد میں پھر سے خاموشی چھا گئی ۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں تلاشی کارورائیاں عمل میںلائی تاہم کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی اورنہ ہی کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد ہوئی ۔فوج کی شمالی کمان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ فوجی اہلکاروں نے بھی تلاشی آپریشن کے دوران گولیوں کے کئی راونڈ فائر کئے۔مقامی ذرائع نے کہا کہ آپریشن کے دوران گولیاں چلنے کے بعد علاقے میں خاموشی چھائی ہے۔ادھر بی ایس ایف نے سانبہ ضلع میں سرحد پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا کردرانداز کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ فوجی اہلکاروں کی مسلسل وارننگ کے باوجود پاکستانی درانداز بھارتی حدود کی جانب پیشقدمی کرتا رہا جس کے بعد اہلکاروں کو مجبوراً گولیاں چلانی پڑیں۔انہوں نے کہا کہ سوموار کی صبح نو بجکر 45 منٹ پر ہمیشہ چوکس رہنے والے بی ایس ایف اہلکاروں نے ضلع کٹھوعہ کے سانبہ سیکٹر میں چک فقیرا چوکی کے نزدیک ایک پاکستانی درانداز کو بھارتی حدود کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے دیکھاجس کے بعد اْسے رکنے کیلئے کہا گیا لیکن جب وہ نہیں رکا تو اْسے گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔

Comments are closed.