نیشنل کانفرنس نے دلبدلی کے معاملات کو چیف الیکشن کمشنر کیساتھ اُٹھا

پارٹی تبدیل کرنے والے منتخب ڈی ڈی سی ممبران کی نااہلی کا مطالبہ

سرینگر/06 فروری: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے منتخبہ ڈی ڈی سی ممبران کی طرف سے دلبدلی کا معاملہ جموںوکشمیر کے چیف الیکشن کمشنر شری کے کے شرما کیساتھ اُٹھایا اور اُن پر زور دیا کہ ایسے معاملات کی جانچ کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ ایسے معاملات عوام کے منڈیٹ اور جمہوریت کی توہین کے مترادف ہیں۔سی این آئی کے مطابق پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے شوپیان کے منتخبہ ڈی ڈی ممبر کی طرف سے دلبدلی کے معاملے کو چیف الیکشن کمشنر کیساتھ اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ ایسے منتخبہ ڈی ڈی سی ممبران کو نااہل قرار دیا جائے جنہوں نے کسی مخصوص پارٹی کے ٹکٹ، منشور اور نشان پر الیکشن لڑ کر جیت حاصل کی ہے اور اب اپنی پارٹی وابستگی تبدیل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس رجحان کا فوری اور کارگرمقابلہ نہ کیا گیا تو اس سے جمہوریت کی بنیادوں کو نقصان پہنچے گا۔دونوں لیڈران نے دلبدلی کے معاملات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات پارٹی بنیادوں پر ہوئے اور لوگوں نے چنائو میں پارٹی ، منشور اور نشان کو ملحوظ نظر رکھ کر اپنا ووٹ ڈال کر اُمیدواروں کو کامیاب بنایا۔اُن کا کہنا تھا کہ دل بدلی کے ایسے معاملات سے جمہوریت کا جذبہ مجروح ہوگا اور یہ لوگوں کے منڈیٹ کی توہین اور خلاف ورزی ہے۔ ایسے میں ضروری بنتا ہے کہ جو ڈی ڈی سی ممبران الیکشن کے بعد پارٹی بدل رہے ہیں اُن کو نااہل قرار دیا جائے اور جب تک کہ اس سمت میں کسی کارروائی کا آغاز نہیں ہوتا اس طرح کے ڈی ڈی سی ممبروں کو ووٹنگ سے روک دیا جائے۔ دونوں لیڈران نے پارٹی کے ضلعی عہدیداروں پر بھی زور دیا کہ وہ متعلقہ حکام کو اس طرح کی معاملات سے آگاہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی دل بدلی سیاسی وقار اور جمہوریت کے جذبے کے خلاف ہے۔ لہٰذا ہماری پارٹی کے ضلعی عہدیداروں پر لازم ہے کہ وہ اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔

Comments are closed.