راجوری میں پُراسرار دھماکہ ،لوگوںمیں خوف ودہشت ؛ پوتہ کھائی سوپور میںمشکوک ڈبے کی موجودگی کے بعد بم ڈسپوزل اسکارڈ طلب

سرینگر/29جنوری: راجوری میں ایک پُراسرارد دھماکہ کی آواز سے سنسنی اور خوف کا ماحول پھیل گیا ہے ۔ اس دوران پولیس فوج اور فورسز کی مشترکہ ٹیم جائے موقع پر پہنچی ۔ ادھر پوت کھائی سوپور میںمشکوک ڈبے کی موجودگی کے بعد بم ڈسپوزل اسکارڈ کو طلب کر لیا گیا جبکہ علاقے میںکچھ دیر تک ٹریفک کی نقل و حمل بھی روک دی گئی ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں گذشتہ شب دیر گئے ایک مذہبی مقام کے نزدیک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی جس کی تحقیقات کے لئے پولیس اور فوج کی ایک ٹیم جٹ گئی ہے۔سرکاری ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ضلع راجوری میں واقع مذہبی مقام کے نزدیک گذشتہ شب دیر گئے ایک زور دار دھماکے جیسی آواز سنی گئی تاہم اس واقعے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ متعلقہ پولیس اسٹیشن کی ایک پارٹی واقعہ رونما ہونے کے فوراً بعد جائے موقع پر پہنچ گئی ہے اور اعلیٰ حکام کی ایک ٹیم جس میں ایس ایس پی راجوری چندن کوہلی، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرس، متعلقہ ایس ایچ اور فوج کے 48 آر آر اور 156 ٹی اے کی ایک ٹیم شامل ہے، نے جمعہ کی صبح جائے واردات کا دورہ کیا اور تحقیقات شروع کی۔یاد رہے کہ دھماکہ کی آواز دور دور تک سنائی دی جس سے لوگوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی تاہم فی الحال ابھی تک یہ نہیں بتایاگیا کہ دھماکہ کس چیز کا ہوا تھا اور آیا یہ دھماکہ ہی تھا اور کوئی چیز سے آواز آئی ہے ۔ ادھر سوپور کے پوتہ کھائی علاقے میں سڑک کے بیچ و بیچ مشکوک ڈبے کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد علاقے میں سنسنی کا ماحول پھیل گئی جس کے بعد پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر بم ڈسپوزل اسکارڈ کو طلب کر لیا اور بعد میں انہوں نے مشکوک ڈبے کو ہٹا کر اسکو اپنے ساتھ لیا جبکہ علاقے میں ٹریفک کی نقل و حمل بھی بحال کر دی گئی ۔

Comments are closed.