سرینگر اور جموں میں تیز رفتار 4جی انٹرنیٹ کی بحالی کا امکان ؛ جنوبی کشمیر کے تمام اضلاع میں فی الحال پابندی جاری رہے گی /سرکاری ذرائع

سرینگر/28جنوری: شہر سرینگر سمیت وادی کے مزید اضلاع میں 4جی انٹرنیٹ کی سہولیات کو بحال کئے جانے کا امکان ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے تمام اضلاع اور قصبہ جات فی الحال تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولیات سے محروم رہیں گے ۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ بڈگام ، جموں اور سانبہ کے اضلاع میں بھی 4Gانٹرنیٹ بحال کئے جانے کاامکان ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں کشمیر کے مزید اضلاع میں تیز رفتار 4جی انٹرنیٹ سروس کو بحال کیا جارہا ہے جن میںضلع سرینگر، جموں، بڈگام اور سانبہ اضلاع کے علاوہ دیگر اضلاع میں آزمائشی طور پرتیزرفتار انٹرنیٹ بحال کیا جائے گا اس سلسلے میں مرکزی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں حالات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔جموں کشمیر میں دو اضلاع گاندربل اور اودھمپور کے بعد اب دیگر اضلاع میں تیز رفتار 4جی انٹرنیٹ کو بحال کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ کے ایک اعلیٰ آفیسر نے بتایا ہے کہ جموں کشمیر کے حالات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور انٹرنیٹ کی بحالی کے سلسلے میں غور خوض چل رہا ہے ۔ جن اضلاع میں امن و قانون کی صورتحال اور ملٹنسی کا گرا ف کم رہا ہے ان اضلاع میں انٹرنیٹ کی رفتار بڑھائے جائے گی ۔ زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انٹرنیٹ کی بحالی کیلئے پہلے ہی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو جموں کشمیر میں حالات کا جائزہ لیکر مرکزی سرکار کو رپورٹ پیش کرے گی جس کی بناء پر 4جی انٹرنیٹ کی بحالی کا فیصلہ لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملکی سلامتی اور جموں کشمیر میں امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے تیز رفتار انٹرنیٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ لفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے بھی پہلے ہی یہ کہا تھا کہ جموں کشمیر میں انٹرنیٹ کو مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر کے تمام اضلاع میں فی الحال تیز رفتار انٹرنیٹ بحال کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ سرینگر کے معاملے پر بھی سرکار نے کوئی صاف جواب نہیں دیا ہے تاہم سرینگر اور بڈگام میں انٹرنیٹ کی بحالی ممکن ہے ۔

Comments are closed.