پڑوسی ملک کی سیاسی سازشوں اور مذموم حرکتوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے نہیں دیں گے/ منوج سنہا
جموں کشمیر کو پرامن اور ترقی پسند بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے/ مشیر بصیر خان
سرینگر/26جنوری: کڑاکے کی ٹھنڈ ،سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ جموں کشمیر میں 26 جنوری کی تقریبات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دی گئیں ، مارچ پاسٹ پر سلامی لی گئی اور ترنگا لہرایا گیا۔ جموں کشمیرکے کسی بھی علاقے سے ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ تقریبات کے پر امن انتخابات کیلئے پولیس وفورسز کی جانب سے پوری وادی میں حفاظت کے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے تھے ۔ مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا جبکہ سرینگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں لیفٹنٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے مارچ پاسٹ پر سلامی لی اور ترنگا لہرایا۔ جموں میں ترنگا لہرانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کشمیر میں کامیاب اور تشدد سے پاک ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کو انتظامیہ کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔اسی دوران بصیر احمد خان نے کہا کہ جموں کشمیر کو پرامن اور ترقی پسند بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ سی این آئی کے مطابق سخت سردی اور کڑے حفاظتی انتظامات کے دوران جموں کشمیر میں میں 26 جنوری کی تقریبات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دی گئیں ۔مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر افسران کے علاوہ ہائی کورٹ جج پولیس وسیول آفیسران بھی موجود تھے۔ سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے مارچ پاسٹ پر سلامی لی اور ترنگا لہرایا۔ مارچ پاسٹ پر سلامی لینے کے بعد تقریب سے اپنے خطاب کے دوران لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر میں تعمیر وترقی کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن بحال ہونے سے ہی جموں کشمیر کو ترقی کی منزلوںپر گامزن کیا جا سکتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ہم تمام شہریوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پڑوسی ملک کی سیاسی سازشوں اور مذموم حرکتوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے نہیں دیں گے، سیکورٹی ایجنسیوں نے تشدد پر مؤثر انداز میں قابو پالیا ہے اور جو لوگ اس پراکسی جنگ کی مدد سے اپنے سیاسی مقاصد کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کو مناسب جواب دیا جارہا ہے۔ انہوں نے جموں کشمیر میں پہلی بار کامیاب اور تشدد سے پاک ڈی ڈی سی انتخابات کو انتظامیہ کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔سنہا نے کہا کہ ہم ضلعی ترقیاتی کونسلوں کے لئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے میں کامیاب رہے ہیں۔ ایک طویل عرصے سے جموں و کشمیر کے شہریوں کو بنیادی سطح کی جمہوریت سے دور رکھا گیا تھا۔انہوں نے کہا ‘ووٹرز کی زیادہ تعداد نے پچھلے انتخابات کا ریکارڈ توڑ دیا۔ میں اس کے لئے روشن خیال شہریوں، تمام ووٹرز، سنٹرل سیکورٹی فورسز، فوج، پولیس اور انتظامی عہدیداروں کو خصوصی طور پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ہم تمام منتخب نمائندوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کے تعاون سے جموں و کشمیر انتظامیہ ترقی کے ثمرات آخری شخص تک پہنچائے گی۔ادھر سرینگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں بھی بڑی تقریب کا انعقاد ہوا جہاںلیفٹنٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے پرچم کشائی کی اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اس موقعہ پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکز کی حمایت سے جموں و کشمیر امن اور ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہم پرامن اور ترقی پسند جموں و کشمیر کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ادھر 26جنوری کے سلسلے میں وادی کے دوسرے اضلاع اور تحصیل صدر مقامات پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ بھارت کے یومہ جمہوریہ کی تقریبات کے دوران مختلف اسکولوں اور کالجوںمیں زیر تعلیم طلبا وطالبات کی جانب سے مارچ پاسٹ کیا گیا اور سلامی پیش کی گئی ۔اس دوران مختلف رنگا رنگ اور تمدنی پروگرام بھی پیش کئے گئے یومہ جمہوریہ کی تقریبات کے دوران کسی بھی جگہ سے ناسازگار حالات کے بارے میں کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ۔
Comments are closed.