پونچھ میںبی ایس ایف نے عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگایا

بڑی مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ، کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا

ہیرانگرکٹھوعہ میں 30فٹ کے قریب اب تک کی سب سے لمبی ٹنل کا پتہ لگایا گیا

سرینگر/23جنوری: پونچھ میں بی ایس ایف نے عسکریت پسندوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگاکر وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ادھر سرحدی حفاظتی فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوںنے ہیرانگر سیکٹر میں اب تک کی سب سے لمبی ٹنل کا پتہ لگایا ہے جس کو دراندازی کیلئے تیار کیا گیا تھا۔ رواں موسم میں یہ تیسری ایسی ٹنل ہے جس کے بارے میں پتہ لگایا جاچکا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیاکے مطابق سنیچر کے روز پونچھ کے منڈی علاقے میں ایک تلاشی آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کی ایک کمین گاہ سے ہتھیار برآمد کرلیا گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک ڈپٹی کمانڈنٹ کی قیادت میں فوج ، پولیس کی ایس او جی اور بی ایس ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے پونچھ کے منڈی علاقے کے ہاری گڈا گاؤں کے نزدیک جنگلات کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کردیا۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران جنگجوؤں کی ایک کمین گاہ کا پتہ لگایا گیا جہاں اسلح و گولہ بارود چھپایا گیا تھا جس کو ضبط کیا گیا۔ضبط شدہ اسلح میں ایک اے کے رائفل،تین اے کے میگزین،82گولیاں،تین چینی ساخت کے پستول،پانچ پستول میگزین،33پستول گولیاں،چار گرینیڈ، ایک یو بی جی ایل گرینیڈ اور ایک ریڈیو سیٹ کے علاوہ کئی اہم دستاویزات، نقشہ اور دیگر اشیاء برآمد کرلی گئیں ہیں۔ اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کرکے مزید چھان بین شروع کردی۔ ادھر سرحدی حفاظتی فورس نے ہیرانگر سیکٹر میں ایک اور زمین دوز ٹنل کا پتہ لگانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ فورسز نے ہفتہ کے روز کٹھوعہ کے ہیرانگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک گہری ٹنل برآمد کرلی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ پانسر کے اگلے علاقے میں 25سے 30فٹ گہری سرنگ برآمد کرلی ہے جو کہ اب تک دریافت سرنگوں میں سے سب سے لمبی ٹنل ہے ۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس ٹنل کو بھی پاکستانی کی جانب سے دراندازی کیلئے تیار کی گئی تھی تاہم اس کوبروقت برآمد کرلیا گیا ۔ حکام کے مطابق رواں سیزن میں یہ تیسری ٹنل ہے جس کو بین الاقوامی سرحد کے قریب پایا گیا ہے ۔

Comments are closed.