اونتی پورہ پلوامہ کے 20سالہ نوجوان نے جموںکشمیر کا نام روشن کر دیا
جموں و کشمیر کے کم عمر ترین کمرشل پائلٹ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا
سرینگر/14جنوری: جنوبی ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے جموں و کشمیر کے کم عمر ترین کمرشل پائلٹ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔نوجوان کے پائلٹ بننے کی خبر پھیلتے ہی ان کے آبائی علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ سی این آئی کے مطابق 20سالہ فرحان مجیدساکنہ اونتی پورہ پلوامہ نے نے اتراکھنڈ کے ایک ایوی ایشن انسٹی ٹیوٹ سے لازمی تربیت حاصل کرنے کے بعد کمرشل پائلٹ لائسنس حاصل کر لیا ہے۔فرحان مجید کی جموں و کشمیر کے کم عمر ترین کمرشل پائلٹ بننے کی خبر نے وادی کشمیر میں بالعموم اور ان کے آبائی ضلع پلوامہ میں بالخصوص خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔فرحان مجید نے اونتی پورہ میں اپنے گھر پر نامہ نگاروں کو بتایا: ‘میرے گھر والوں نے میری کافی مدد کی ہے۔ اس مدد کی وجہ سے ہی میں اپنا خواب پورا کرنے میں کامیاب ہو گیا ہوں۔ خواب کو پورا کرنے میں مجھے بہت سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ میں اپنے خاندان میں واحد ایسا فرد ہوں جو ایوی ایشن میں گیا ہے۔انہوں نے کہا: ‘اپنی مدد آپ کرنے پڑی ہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے راستہ دکھایا اور مجھے ڈائرکشن ملتی رہی۔ میں اللہ کی مدد اور گھر والوں کے بھرپور تعاون سے اپنے خواب کو پورا کرنے میں کامیاب ہو گیا’۔فرحان نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں کچھ مختلف کرنا چاہتے تھے اور ہوا باز بننے کا شوق ان میں بچپن میں ہی پیدا ہوا تھا۔کہتے ہیں: ‘ہر کوئی کچھ مختلف کرنا چاہتا ہے۔ ہمارے علاقے کے نزیک ایئر فورس کا ایئر بیس ہے۔ جب میں بچپن میں وہاں سے جنگی جہازوں کو اڑان بھرتے ہوئے دیکھتا تھا تو میں خود سے باتیں کرتا تھا کہ ایک دن میں بھی جہاز چلائوں گا۔ میرے والد مجھ سے بار بار کہتے تھے کہ تمہیں کچھ مختلف کرنا ہوگا’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘میں نے نوکری کے لئے درخواستیں جمع کی ہیں۔ اوپر والے کا ساتھ ہوگا تو نوکری بھی جلد مل جائے گی ۔
Comments are closed.