برڈ فلو کا خدشہ :حالیہ بھاری برفباری کے ساتھ ہی واد ی میں پرندوں کی پُراسرار موت
درجنوں پرندے مختلف جگہوں میں مردہ پائے گئے ۔راجوری میں مردہ کوئوں کی جانچ شروع
سرینگر/07جنوری: حالیہ بھاری برفباری کے ساتھ ہی وادی کے مختلف علاقوں میں مختلف پرندے پُر اسرار طور پر دم توڑ رہے ہیں جبکہ یوٹی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ابھی تک جموں کشمیر میں کوئی بھی برڈ فلوکاکیس سامنے نہیں آیا ہے اس لئے تشویش کی کوئی بات نہیں ہے ۔ ادھر راجوری میں درجنوں کوئے پُر اسرار طور پر پائے گئے جس سلسلے میں ڈی سی راجوری نے مردہ کوئوں کی جانچ کیلئے ٹیم بھیج دی جنہوںنے مردہ پرندوں کو اپنے ساتھ لیا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی میں برڈ فلو کے افواہوں کے بیچ گزشتہ دنوں ہوئی بھاری برفباری کے بعد مختلف جگہوں پر مختلف پرندے پُراسرارطور پر مردہ پائے گئے جن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگئی ہے ۔ پرندوں کی پُر اسرار موت کے نتیجے میں لوگوں میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں کو یہ خدشہ ہے کہ پرندے برڈ فلو کے نتیجے میں دم توڑ رہے ہیں ۔ اگرچہ یوٹی انتظامیہ اور محکمہ وائلڈ لائف نے پہلے ہی ان خدشات کو رد کردیا ہے کہ یہاں آنے والے مہمان پرندے اپنے ساتھ برڈ فلو بھی ساتھ لے آئے ہیں تاہم پڑوسی ریاست ہماچل پردیشن میں برڈ فلو کے کیس سامنے آنے کے بعد اس بات کو خاج از امکان قرارنہیں دیا جاسکتا ہے کہ جموں کشمیر میں بھی برڈ فلو کی وبائی بیماری پھیل سکتی ہے ۔ اس دوران راجوری میں متعدد کوئے پُراسرار طور پر مردہ پائے گئے ہیں جن سے لوگوںمیں اور زیادہ تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اس سلسلے میں ڈی سی راجوری نے ایک ٹیم کو مردہ کوئوں کی جانچ کیلئے بھیج دی ۔ ٹیم نے مردہ کوئوں کو اپنے ساتھ لیکر ان کی جانچ شروع کردی ہے اور ان کی موت کے وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ دریں اثناء گزشتہ روز یوٹی انتظامیہ نے صاف کیا کہ جموں کشمیر میں اب تک کوئی بھی برڈ فلو کا کیس سامنے نہیں آیا ہے تاہم انتظامیہ نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ تشویش میں مبتلاء نہ ہوں جبکہ پولٹری ڈیلران اور پولٹری فارموں سے کہا گیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔
Comments are closed.