وادی میںبھاری برفباری کے باوجود کافی حد تک بجلی سپلائی جاری رہی ؛ دوردرازعلاقوں کے درجنوں دیہات آج بھی برقی رو سے محروم
سرینگر/07جنوری: وادی میں بھاری برفباری کے باوجود بھی بجلی کی سپلائی زیادہ متاثر نہیں ہوئی جبکہ گزشتہ برسوں کے بنسبت محکمہ بھاری برفباری کے دوران بھی بجلی فراہم کرنے میں کامیاب ہوا ہے ۔ جبکہ محکمہ کے فیلڈ ملازمین اور انجینئر شدید برفباری میں ترسیلی لائنوں کی مرمت کا کام کرتے نظر آئے ۔تاہم دور دراز علاقوں میں متعدد ترسیلی لائنیں اور بجلی کے پول گرآنے کے نتیجے میں درجنوں علاقے بجلی سے محروم ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی میں رواں سیزن کی بھاری برفباری کے دوران بھی محکمہ بجلی کی جانب سے برقی رو کی ترسیل کافی حد تک جاری رکھی گئی ۔ یہ پہلی بار ہے کہ بھاری برفباری کے باوجود بھی محکمہ بجلی فراہم کرنے میں کامیا ب رہا اور محکمہ بجلی کے فیلڈ ملازمین اور انجینئر جان جوکھم میں ڈال کر ترسیلی لائنوں کی مرمت کرتے رہے جس پر لوگوںنے محکمہ کی سراہنا کی ہے ۔ شہر سرینگر کے مختلف علاقوں کے متعدد لوگوں نے محکمہ بجلی کی ان کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بجلی بند رہتی ہے تو ہم محکمہ بجلی کے ملازمین کے خلاف شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہیں لیکن جب اس برس محکمہ سخت موسمی صورتحال کے بیچ کافی حد تک بجلی فراہم کررہا ہے تو ہمیں بھی محکمہ کے ان فیلڈ ملازمین کی تعریف کرنی چاہئے ۔ دریں اثناء اگرچہ وادی کے اکثر علاقوں میں بجلی سپلائی بحال ہوگئی ہے تاہم دور دراز علاقوںمیں بجلی کی ترسیلی لائنیں اور بجلی کے پول گرآنے کے نتیجے میں ابھی بھی بجلی بند ہے ۔ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے درجنوں علاقے آج بھی بجلی سے محروم ہے جبکہ ضلع بارہمولہ ، بانڈی پورہ اور دیگر جگہوں سے بھی لوگوںنے اسی طرح کی شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی ترسیلی لائنیں ابھی بھی زمین پر پڑی ہے جس کے باعث ان کے علاقے برقی رو سے محروم ہوچکے ہیں ۔ ادھر جنوبی کشمیر کے درجنوںعلاقوں سے بھی خبریں موصول ہورہی ہے کہ بھاری برفباری کے ساتھ ہی بجلی بند ہے اورابھی تک ان علاقوں میں محکمہ بجلی کا کوئی بھی ملازم بجلی بحال کرنے اور ترسیلی لائنوں کی مرمت کیلئے نہیں آیا۔
Comments are closed.