سرینگر/07جنوری:نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے برفباری کے نتیجے میں ہوئے انسانی جانوں کے زیاں اور کروڑوں کے املاک زمین بوس ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ سی این آئی کو موصولہ اپنے ایک بیان میں حکومت پر زوردیا کہ برفباری کے نتیجے میں جن املاک کو نقصان پہنچاہے اُن کے مالکان کی بھر پور مالی امداد کی جائے خصوصاً ایسے کنبوں کی بازآبادکاری جنگی بنیادوں پر عمل میں لائی جائے جن کے رہائشی مکان یا تو زمین بوس ہوئے ہیں یا پھر ناقابل رہائش ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کنبوں کو عارضی طور پر سکولوں یا دیگر سرکاری املاک میں رکھا گیا ہے اُن کیلئے بہتر سے بہتر سہولیات ، جن میں گرم ملبوسات، ہیٹنگ سسٹم اور کھانے پینا شامل ہے، میسر رکھے جائیں۔ ساگر نے کہا کہ برفباری کے نتیجے میں لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے حق میں بھر پور مالی امداد فراہم کی جائے اور زخمی ہوئے افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔ این سی جنرل سکریٹری نے حکومت کی توجہ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر سینکڑوں کی تعداد میں پھنسی گاڑیوں میں سوار مسافروں کی جانب دلاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کھلے آسمان تلے حالات کے رحم و کرم پر ہیں اور ان میں بچوں، خواتین اور بیماروں کی خاصی تعداد شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان مسافروں کو منزل مقصود تک پہنچانے کیلئے ٹھو س اقدامات اُٹھائے اور اگر شاہراہ کے ٹھیک ہونے میں مزید وقت لگنے کا اندیشہ ہے تو پھنسے ہوئے افراد کو ائرلفٹ کیا جائے۔ ساگر نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ جموں میں بھی درماندہ ہیں اور حکومت کو ان کیلئے بھی سہولیات کا بندوبست کرنا چاہئے کیونکہ بہت سارے لوگ ایسے ہیں جو ہوٹلوں میں رہنے اور کھانے کی حالت میں نہیں ہیں۔ دریں اثناء ساگر نے سرینگر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومتی دعوے صرف ذرائع ابلاغ تک ہی محدود ہیں جبکہ زمینی سطح پر لوگوں کو زبردست مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پر رہا ہے۔ ادھر پارٹی کے رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے کہاکہ جنوبی کشمیر کے بیشتر دور دراز علاقے ابھی تک کٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ ہمچی پورہ، کپرن، سری گفوارہ، رام نگری، والٹینگو، ٹھاگی پورہ، دیوی پورہ کے علاوہ پانپور، پلوامہ، شوپیان، اننت ناگ اور کولگام کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں کا رابطہ فوری طور بحال کیا جائے اور ان علاقوں بجلی اور پینے کے پانی کی فراہم یقینی بنائی جائے۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.