جموں و کشمیر بینک نے بلاور کٹھوعہ میں دو آسان بینکنگ سہولیت مراکز کا افتتاح کیا
سرینگر/ 2جنوری : جموں و کشمیر یو ٹی کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں تک آسان طرز کی بینکنگ سہولیات پہنچانے کی غرض سے جموں و کشمیر بینک نے آج کٹھوعہ ضلع کے بلاور تحصیل میں دو آسان بینکنگ سہولیت مراکز(EBUs)کا افتتاح کیا ۔ جموں و کشمیر کے الیکشن کمشنر کے کے شرما کی اہلیہ نینتی واس شرما نے سیری مُنی میںEBUکو عوام کے نام وقف کیا جو کہ اسی علاقے سے تعلق رکھتی ہے جبکہ پر نالا علاقے میںآسان بینکنگ یونٹ کا افتتاح جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے کیا جنکے ہمراہ بینک کے زونل ہیڈ جموں سینٹرل دوئم آشوتوش شرما ، کلسٹر ہیڈ سامبہ ارون کپور بھی تھے۔ کو وڈ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے دونوں مقامات پر علاقے کے کئی معتبرشہری ، تا جر اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھیں۔ مقامی لوگوں نے جموں و کشمیر بینک کی اِن کوششوں کی سراہنا کی جسکے تحت یہ بینک عوام تک آسان بینکنگ سہولیات پہنچانے کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔بینک سر پرست نے اس موقع پر کہا کہ یہ بینک کے مالی خود مختاری اورفائنانشل انکلوجن جیسے مشن کی طرف پیش قدمی ہے اور اس مشن کے تحت جموں و کشمیر بینک ہر اُس علاقے تک پہنچنا چاہتا ہے جہاں ابھی تک بنیادی بینکنگ سہولیات میسر نہیں ہیں۔ان آسان بینکنگ مراکز پر لوگ کیش ڈپازٹ، کیش نکالنے، فنڈ ٹرانسفر اور ہرطرح کے اکاؤنٹ کھولنے کے علاوہ دیگر بینکنگ سہولیات جیسے بجلی و پانی کی بلوں کی ادائیگی سے مستفید ہوسکتے ہیں نیز معمر پنشنر ان مراکز سے بہ آسانی اپنا پینشن نکال سکتے ہیں۔چیئرمین نے کہا کہ حالانکہ جموں و کشمیر یو ٹی میں کئی دیگر بینک بھی کام کر رہے ہیں لیکن یہاں کے لوگوں کو جموں و کشمیر بینک کے ساتھ ایک جذباتی رشتہ اور لگاؤ ہے اور اسی لئے وہ اس بینک کو اپنا بینک کہہ کے پکارتے ہیں جو ہمارے لئے ایک فخر کی بات ہے۔چیئرمین نے سیری مُنی اور پرنالا کے باشندوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ضرورتوں کے مطابق ان مراکز سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ مہمان خصوصی جموں و کشمیر یوٹی کے الیکشن کمشنر کے کے شرما نے بینک کی ان کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ آسان بینکنگ مراکز سرکاری اسکیموں کی عمل آوری میں نہایت اہم رول ادکرینگے اور بینکنگ ضروریات کے حوالے سے عوامی مشکلات کو بھی کم کرینگے ۔بینک کے زونل ہیڈ نے اس موقع پر کہا کہ بینک کی موجودہ اعلیٰ انتظامیہ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ دور دراز آبادی کی معاشی ترقی سے ہی اس خطے کی ترقی ممکن ہے جو بینکنگ سہولیات سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ مقامی لوگوں نے اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بینک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جموں وکشمیر بینک ایک ذمہ دار سماجی ادارے کے بطور جس طرح بے سہارا لوگوں تک پہنچنا چاہتا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ ان دو آسان بینکنگ مراکز کے قیام سے اب جے کے بینک کے ایسے آسان بینکنگ مراکز(EBUs) کی تعداد70تک پہنچ گئی ہے۔ کٹھوعہ ضلع کے اپنے دورے کے دوران بینک چیئرمین بینک کے نگروٹہ گُجرو شاخ کے دورے پر بھی گئے۔
Comments are closed.