جموں و کشمیر بینک میں بینکنگ ایسو سی ایٹ اسامیوں کیلئے آن لائن بھرتی ٹیسٹ شروع

1500 اسامیوں کیلئے ایک لاکھ40ہزار سے زائد امیدوار ہیں

سرینگر / یکم جنوری :-جموں و کشمیر بینک میں بینکنگ ایسو سی ایٹ کی1500اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے آن لائن ٹیسٹ آج سے جموں و کشمیر وبیرون ریاست کے41 امتحانی مراکز پر منعقد کئے جا رہے ہیں۔ اس آن لائن امتحان میں ایک لاکھ40ہزارسے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔ 31جنوری تک جاری یہ امتحان اس مہینے نو دنوں میں مکمل کیا جا ئے گا جس کیلئے ہر روز چار شفٹ ہونگے ۔ بینک میں تقرری کیلئے ملک کی ایک سرکردہ اور باوقار نوڈل ایجنسی انسٹی چیوٹ آف بینکنگ پرسنل سلیکشن (IBPS) ممبئی کے ذریعے یہ امتحان ٹیکنکل مشاورت میں ماہر ایجنسی ٹاٹا کنسلٹنسی سروس(TCS)کے اشتراک سے لئے جا رہے ہیں۔IBPS ملک کے 227ممبر بینکوں کی انجمن انڈین بینکس ایسو سی ایشن کی سپانسرڈ ایجنسی ہے جو اس امتحان کو جموں و کشمیر بینک کیلئے منعقد کرارہی ہے اور یہاں بینک صرف نگرانی رول ادا کر رہا ہے۔ ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ سنیل گُپتا کی قیادت میں بینک کی اعلیٰ انتظامیہ ٹیم نے آج امتحان کے پہلے روز کئی امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انکے ہمراہ پریزیڈنٹ چیتن پلجور اور چیئرمین کے سپیشل سیکریٹری کرن جیت سنگھ بھی تھے۔
جموں و کشمیر بینک نے کووڈ19کے چلتے تمام امتحانی مراکز میں سرکاری ہدایات کو عملانے کیلئے مکمل ہدایات دی رکھی ہیں۔ بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ نے امیدواروں کے تئیں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ یہ امتحان صاف و شفاف طور منعقد ہو رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ امید واروں کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کا جوش و خروش دیکھ کر اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ یہاں کے قابل نو جوان جموں و کشمیر بینک میں کام کرنے کے کتنے متمنی ہیں۔ دریں اثناء امتحان میں شامل امیدواروں نے جے کے بینک کی طرف سے فراہم سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امتحان منعقد کرانے کیلئے ایک اچھا ماحول اور نظم و نسق موجود تھا جس کیلئے ہم بینک انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ اننت ناگ کے ایک امیدوار آفاق احمد نے کہا کہ دوران امتحان گرمی کا معقول انتظام تھا اور جموں و کشمیر بینک میں ملازمت کرنے میں مجھے سماجی طور فخر حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کی امیدیں جموں و کشمیر بینک کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔

Comments are closed.