بارہمولہ اور اونتی پورہ میں جنگجوئوں کے دو اعانت کار گرفتار ; اسلحہ اور دیگر قابل اعتراض مواد بر آمد ، تفتیش جاری / پولیس

سرینگر/یکم جنوری: اونتی پورہ اور بارہمولہ میں پولیس نے جنگجوئوں کے دو اعانت کاروں کا گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ہتھیار اور دیگر قابل اعتراض مواد بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق اونتی پورہ میں پولیس نے لشکر طیبہ نامی ممنوعہ عسکری تنظیم کے ساتھ وابستہ ایک معاون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کو فوج کی 42آر آر اور 130بٹالین سی آرپی ایف اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ایک مصدقہ اطلاع کی بناء پر گرفتار کرلیا ہے جسکی شناخت عاقف احمد تیلی ساکن چیرسو اونتی پورہ کے بطور ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدہ شخص لشکریہ طیبہ کے جنگجوئوں کو جائے پناہ اور طعام فراہم کرنے کے علاوہ ہتھیار ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کا کام بھی کرتا تھا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر نمبر 2/2021درج کرکے گرفتار شدہ شخص سے مزید پوچھتاچھ شروع کی ہے جبکہ ان کے بینک کھاتے کی بھی جانچ کی جارہی ہے ۔ ادھر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جہلم اسٹیڈیم کے نزدیک ایک ناکہ کے دوران ایک جنگجو اعانت کار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار شدہ سے چینی ساخت کے خاص اور منفرد تین گرینیڈ بر آمد کئے گئے ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ انہیں ایک اطلاع موصول ہوئی کہ کچھ جنگجو یا جنگجو اعانت کار غیر قانونی ہتھیار سمیت بارہمولہ سے ہندوارہ کی طرف جا رہے ہیں۔پولیس نے گرفتار شدہ کی شناخت آصف گل کے طور کرتے ہوئے کہا کہ اْسے29دسمبر کو حراست میں لیا گیا اور تب سے اْس کی پوچھ تاچھ کی جارہی تھی۔آصف گذشتہ آٹھ ماہ سے پولیس کے راڈار پر تھا اور وہ گذشتہ سال ماہ اگست میں ایک گرینیڈ دھماکہ کرنے میں بھی ملوث تھا۔

Comments are closed.