ڈی ڈی سی انتخابات میں گپکار الائنس کی کامیابی نئی دلی کیلئے چشم کُشا/ نیشنل کانفرنس

انتخابات میں بھاری جیت ’’جھوٹ اور فریب پر سچ کی سبقت ہے

سرینگر/28دسمبر: نیشنل کانفرنس کی لداخ ونگ نے حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں گپکار الائنس کی شاندار جیت پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور الائنس کے دیگر اتحادیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جیت ’’جھوٹ اور فریب پر سچ کی سبقت ہے‘‘۔سی این آئی کے مطابق پارٹی کے سینئر لیڈران قمر علی آخون، حاجی حنیفہ جان (ضلع صدر کرگل)، فیروز احمد خان، غلام رسول نقوی، حاجی مبارک شاہ، سید احمد صفوی(سابق ایم ایل سی)، موسیٰ چنگٹن کے علاوہ زنسکار، دراس، نوبرا اور لیہہ کی اکائیوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات میں گپکار الائنس کی کامیابی اس اتحاد کے ایجنڈے کو جموں وکشمیر کے عوام کی بھر پور حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام نے پُرامن اور جمہوری طریقے سے 5اگست2019کے فیصلوں کو مسترد کرکے دکھایاہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں بھاجپا کے فریب اور جھوٹ کی ہار ہوئی ہے اور آنے والے دنوں میں بی جے پی کی حالت بد سے بدتر ہوتی جائیگی کیونکہ تینوں خطوں کے لوگ آر ایس ایس کے منصوبوں سے واقف ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے بھاجپا نے ہل ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات سے قبل لیہہ کے عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں سے انحراف کیا اُس سے لیہہ کے عوام کی آنکھیں بھی پوری طرح کھل گئی ہے اور آج کی تاریخ میں لیہہ میں بھی بھاجپا کی حالت پتلی ہے۔ پارٹی لیڈران نے کہا کہ ڈاکٹر فاوق عبداللہ کے سربراہی والے گپکار اتحاد کو زوجیلا کے اِس پار بھی بھر پور حمایت حاصل ہے اور اس اتحاد کو جموں وکشمیر کی وحدت اور تینوں خطوں کے آئینی حقوق کی بحالی کیلئے ہر طبقے کے لوگوں کا اشتراک حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی طرف سے کوئی بھی انتخابی مہم نہ چلانے اور سرکاری مشینری کی طرف سے گپکار الائنس کے اُمیدواروں کی نقل و حمل پر پابندی لگانے کے باوجود بھی جس طرح سے ڈی ڈی سی انتخابات میں گپکار الائنس کی شاندار کامیابی حاصل کی ہے اُس سے یہ بات صاف ہوجاتی ہے کہ اتحاد کو زمینی سطح پر عوام کا مکمل تعاون حاصل ہے اور نئی دلی کو اپنی آنکھوں پر بندی پٹی ہٹا کر زمینی حقائق کو تسلیم کر لینا چاہئے۔

Comments are closed.