
شبانہ سردی کے تیور سخت ،سرینگر میں گزشتہ شب رواں موسم سرماء کی سرد ترین رات درج
شبانہ درجہ حرارت منفی 4.8نقطہ انجماد سے نیچے چلاگیا، جھیل ڈل کی سطح جم گئی
21اور 22دسمبر کو بلائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ، میدانی علاقوں میں بونداباندی ہوسکتی ہے
سرینگر/16دسمبر: گزشتہ شب شہرسرینگر میں رواں موسم کی سردترین رات گزری جس میں درجہ حرارت منفی 4.8ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جس کے نتیجے میںجھیل ڈل کی سطح اور دیگر آبی ذخائر منجمد ہوئے ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 21دسمبر تک موسم خشک رہ سکتا ہے جبکہ 21اور 22دسمبر کو کرگل اور وادی میں کہیں کہیں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی میں شدیدٹھنڈ جاری رہنے کے ساتھ ساتھ اگرچہ دن بھر ہلکی دھوپ نکل آتی ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ آرہی ہے ۔ شہر سرینگر میں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 4.8ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ گزشتہ 12برسوں کے بعد دسمبر 21سے پہلے پہلی بار دیکھا گیا ہے ۔ جبکہ منگل کی شب سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 3.2ڈگری منفی درج کیا گیا تھااور اس طرح سے گزشتہ شب درجہ حرارت مزید 1.6ڈگری نیچے چلا گیا ۔ جبکہ گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی11.0ڈگری سیلسیس، پہلگام میں منفی 7.4 ڈگری، قاضی گنڈ میں منفی 3.3ڈگری ، ککرناگ میں منفی 5.2ڈگری جبکہ کپوارہ میں منفی 4.8ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ گزشتہ شب وادی کے تمام علاقوں میں بشمول سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی گئی ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ وادی میںاگلے پانچ دنوں تک موسم خشک رہ سکتا ہے جبکہ 21اور 22دسمبر کو کرگل اور وادی کے بالائی علاقوں جن میں سونہ مرگ ،افروٹ کی پہاڑیوں ، گلمرگ کے بالائی علاقوں اور پہلگام ، قاضی گنڈ اور شوپیاں کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری کا امکان ہے جبکہ میدان علاقوںمیں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے جبکہ سردی میں مزید شدت آسکتی ہے ۔
Comments are closed.