جموں کشمیر انتظامیہ اپوزیشن لیڈران کو سیکورٹی فراہم کرنے میںناکام ،خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا /محبوبہ مفتی
پی ڈی پی لیڈر پر حملہ قابل مذمت ،مہلوک پولیس اہلکار کے لواحقین سے ہمدری کا ظہار کیا
سرینگر/14دسمبر: جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے سرینگر کے نٹی پورہ علاقے میںپارٹی لیڈر پرویز احمد پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ جموں کشمیر انتظامیہ اپوزیشن لیڈران کو سیکورٹی فراہم کرنے میںناکام ہو چکی ہے اور انہیں خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ اسی دوران انہوں نے حملے میں ہلاک ہو ئے پولیس اہلکار کے لواحقین سے بھی اظہار ہمدردی کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق نٹی پورہ سرینگر میںپی ڈی پی لیڈر پرویز احمد پر حملے کی محبوبہ مفتی نے شدید مذمت کی ہے ۔ سماجی رابطہ عامہ کی وئب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹس میں محبوبہ مفتی نے لکھا ’’ میںحاجی پرویز احمد پر ہوئے حملے کی پرزور مذمت کرتی ہوں۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے اپوزیشن لیڈروں کی سیکورٹی کم کی ہے جس سے ان لیڈران پر حملہ ہونا آسان بن گیا ہے‘‘۔انہوں نے مزید لکھا کہ ’’ اپوزیشن لیڈران کو نقصان پہنچنا تقریباً طے ہے کیونکہ انہیں جو تحفظ فراہم کیا گیا ہے وہ ناکافی ہے‘‘۔ اس کے علاوہ محبوبہ مفتی نے حملے میں ہلاک ہو ئے پولیس اہلکار کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میں پولیس اہلکار کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہوں ۔
Comments are closed.