موسم نے پھر بدلی کروٹ ، میدانی علاقوں میں رواں موسم کی پہلی برفباری ،ہر طرف سفید چادر بچھ گئی

برفباری کے بعد کھلی دھوپ نکلنے سے موسم میں آئی بہتری ، 20دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان

تازہ برفباری کے بعد کئی رابطہ سڑکیں بند ، سرینگر جموں شاہراہ پر کچھ گھنٹوں تک نقل و حمل بند رہنے کے بعد ٹریفک پھر بحال

سرینگر/12دسمبر: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر قصبہ جات میں رواں موسم سرما کی پہلی برفباری ہونے کے نتیجے میں پوری وادی سفید چارد بچھ گئی اور قبل از وقت چلہ کلاں کے طر ز پر شدیدسردی نے لوگوں کو کپکپا دیا۔ ادھر پہاڑی علاقوں میں ایک فٹ کے قریب برفباری ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں تین سے چار انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔برفباری کے نتیجے میں وادی میںمعمولات زندگی درہم برہم ہوکے رہ گئی جبکہ سرینگر جموں شاہراہ پر کچھ گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل وحمل میں بھی خلل پڑا تاہم بعد میں اسکو دوبارہ بحال کیا گیا ۔ ادھر سنیچروار کی صبح سے ہی موسم میں بہتری آئی اور دھوپ کھل اٹھی ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 20دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا اور رات کے درجہ حرارت میںکمی آنے کا امکان ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جمعہ کی شام سے ہی محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق پیر پنچال کے آر پار موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہو اجبکہ بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر آفاق گلمرگ میںتازہ برفباری شروع ہوئی ۔ رات بھر وقفے وقفے سے جاری بارشوں کے بیچ سنیچروار کی اعلیٰ صبح قریب 3بجے شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں رواں موسم کی پہلی برفباری ریکارڈ ہوئی اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو صبح تک جاری رہا ۔ اہلیان وادی جب صبح نیند سے اٹھے تو انہوں نے ہر طرف سفید ہی سفید دیکھا ۔ سرینگر شہرکے علاوہ دیگر اضلاع میں شدید سے درمیانہ درجے کی برفباری ہوئی۔سرحدی ضلع کپوارہ کے پہاڑی علاقوں میں ایک سے ڈیڑھ فٹ کے قریب برفباری دیکھنے کو ملی جبکہ میدانی علاقوں میں تین سے 4انچ برفباری ہوئی۔ ادھر وادی لولاب میں بھی بھاری برفباری کی اطلاع دیتے ہوئے نمائندے نے کہا کہ وادی کے پہاڑی علاقوں میں ایک سے دو فٹ برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں 6انچ تک برفباری دیکھنے کو ملی جس کی وجہ سے لولاب میں معمولات زندگی درہم برہم ہوکے رہ گئی جبکہ لولاب کپوارہ سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل بھی متاثر ہوئی۔ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے پہاڑی علاقوں میں بھی بھاری برفباری ہوئی ہے ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے پہاڑیوں پر 1فٹ سے 1.5فٹ برف پڑی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں چھ انچ سے 7انچ برف ہوئی۔ جبکہ پلوامہ ، اننت ناگ اور کولگام میں بھی شدید برفباری ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ وسطحی ضلع بڈگام کے دور دراز علاقوں میں بھی شدید برفباری سے سخت سردی پیدا ہوئی۔ گاندربل ، کنگن اور سونہ مرگ میں شدید برفباری کے نتیجے میں سونہ مرگ سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ ادھر شہر آفاق گلمرگ میں ہوئی شدید برفباری سے وہاں سیر پر آئے ہوئیے سیلانیوں نے برفباری کا خوب مزہ لیا ۔ برفباری کے نتیجے میں گلمرگ سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثرہ ہوئی ۔گلمرگ سے ٹنگمرگ جانے والی گاڑیوں کو اُسی صورت میں اجازت دی جائے گی جب وہ ٹائروں پر چین لگائیں گے اور اس روٹ پر صرف 4×4گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہوگی۔دریں اثناء سرینگر جموں شاہراہ پر ہوئی ہوئی بھاری برفباری کے نتیجے میں شاہراہ کو سنیچروار کی صبح کچھ گھنٹوں تک بند کردیا گیا تاہم بعد میں اس کو دوبارہ بحال کیا گیا ۔ اس دوران مغل روڑ اور اس کے گردونواح علاقوں میں ہوئی برفباری سے مغل روڑ کو ٹریفک کی آواجاہی کیلئے بند کردی گئی ہے ۔ اس دوران زوجیل اور سونہ مرگ میں ہوئی بھاری برفباری کے نتیجے میں سرینگر لہہ شاہراہ پر ٹریف کی آواجاہی بند کردی گئی ہے ۔اسی دوران سنیچروار کی صبح سے ہی موسمی صورتحال میں بہتری آئی اور دن بھر کھلی دھوپ نکالنے کے باعث سردی کی لہر میں کافی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 20دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا اور رات کے درجہ حرارت میںکمی آنے کا امکان ہے ۔

Comments are closed.