پانچویں مرحلے کی ووٹنگ کے بیچ سریگفوارہ بجبہاڑہ میں تین صحافیوں کی مارپیٹ

پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے سے روک دیا گیا ، کشمیر پریس کلب کی مذمت ، تحقیقات کا مطالبہ

سرینگر/10دسمبر/سی این آئی// ضلع ترقیاتی کونسل اور بلدیاتی چنائو کے پانچویں مرحلے کی ووٹنگ کے بیچ سیکورٹی فورسز نے جنوبی ضلع اننت ناگ کے سریگفوارہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تین صحافیو ں کا اس وقت زد کوب کیا جب وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے میںمصروف تھے ۔ ادھر واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کشمیر پریس کلب نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جنوبی ضلع اننت ناگ سے وابستہ تین صحافیوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں پیشہ وارنہ فرائض انجام دینے کے دوران سریگفوارہ بجبہاڑہ میں زد کوب کیا گیا ۔فیاض احمد ، جنید احمد اور مدثر قادری نامی تین مقامی صحافیوں نے بتایا کہ علاقے میں پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے کے دوران ان کی مارپیٹ کی گئی جبکہ ان کے آلات بھی چھین لئے گئے ۔ فیاض احمد نامی صحافی نے ایک مقامی خبر رساں ادارے کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ووٹنگ عمل کے دوران پی اے جی ڈی امید وار سے بات کی جنہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیںووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ جب معاملے ایس ایس پی اننت ناگ کی نوٹس میں لانے کی کوشش کی تو سیکورٹی فورسز نے ان کی ہڈی پسلی ایک کر دی جبکہ انہیںحراست میں بھی لیا گیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کا ایک ساتھی زخمی ہوگیا جس کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ادھر کشمیر پریس کلب نے واقعہ کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے اس کو بدقسمتی سے تعبیر کیا گیا ۔ کشمیر پریس کلب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ہمیں امید ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی اور جو کوئی بھی اس میں ملوث پایا جائے گا ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میںلائی جائے گی ۔

Comments are closed.