باہمی اتحاد واتفاق ناگزیر ؛بھائی چارہ اور یکجہتی کی تمام کوششیںقابل ستائش /مفتی اعظم جموں وکشمیر

سرینگر /9دسمبر / کے پی ایس : مسلکی ومذہبی منافرت پھیلانے والے سماج کے دشمن ہیں ۔باہمی اتحاد واتفاق ناگزیر ہے ۔مفتی اعظم جموں وکشمیرنے کئی وفود سے ان خیالات کا اظہار کیا ہے ۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق جموں کشمیر کے مفتی اعظم اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے چیئر مین مفتی ناصر الاسلام سے کل بلال کالونی صورہ،شاہ فیصل کالونی اور خلیل کالونی کے وفود ملاقی ہوئے۔جن میں ان علاقاجات کے معززو مقتدر افراد شامل تھے۔وفود نے مفتی اعظم کو اْ ن کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا جو باہمی یکجہتی اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے کیلئے وہ کر رہے ہیں۔ موجودہ وقت میں مسلکی و مذہبی منافرت پھیلانے والے ہمارے بد ترین دشمن ہیں اور علاقہ کے معززین جس طریقے سے اس کے خلاف ہر محاذ پہ لڑ رہے ہیں وہ قابل تحسین اور قابل تقلید ہے۔مفتی اعظم نے ان محلہ جات کے معززین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ باہمی اتحاد اور اتفاق کی فضا کو قائم رکھے ہوئے ہیںاور ان کی کوششوں اور کاوشوں کے نتیجے میں آج متذکرہ علاقے مذہبی و مسلکی منافرت سے پاک وصاف ہیں۔مفتی اعظم نے عوام الناسے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھائی چارے کی فضا کو ہر محاذپرقائم و دائم رکھیں اور اسکے خلاف ہونے والے سازشی عناصر کو بے نقاب کریں جو اپنے حقیر مقاصد کے لئے علاقے کے معزز اور ذی عزت لوگوں کو بدنام کر کے اپنے مکروہ عزائم کا نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک ہی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں ۔علماء کے اختلافات اپنی جگہ پر ہیں تاہم عام لوگوں کو فروعی اختلافات میں دھکیلنے کی کوشش کرنے سے اجتناب کیا جائے ۔انہوں نے کہا ہے کہ اتحاد واتفاق میںہی تمام مسائل اور اختلافات کا حل مضمر ہے ۔لہذا مخاصمت کے بجائے مفاہمت کا راستہ اختیار کیا جائے تاکہ ہماری شان ہرآن میں باقی رہے گی ۔

Comments are closed.