مزدور طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے قائم محکمہ لیبر کمیشن اپنے فرائض نبھانے میں ناکام
محکمہ میں درج ہونے کے باوجود بھی سرکاری سکیموں اور فوائد سے محروم
سرینگر/28نومبر/سی این آئی// وادی میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے قائم لیبر کمیشن مزدوروں ، کاری گروں اور یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے مستحق غریبوں کی معاونت کرنے میں ناکام ہوچکا ہے جبکہ محکمہ میں اندراج کیلئے مزدوروں کو ایجنٹوں کے ذریعے دو دو ہاتھوں لوٹا جارہا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق مزدوروں ، کاریگروں ، صنعت کاروں ، اور یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے افراد کے علاوہ دکانوں میں بطور سیلز مین کام کرنے والے افراد، نجی دفتروں میں کام کرنے والے لوگوں ، ریڑہ بانوں ، آٹو رکھشا چلانے والوں ، ڈرائیوروں و دیگر سماج کے غریب طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے محکمہ لیبر کمیشن کا قیام عمل میں اس لئے لایا گیا ہے تاکہ وہ مستحق افراد کو بیماری کے وقت، بچوں کی شادی بیاہ کے وقت یا کسی اہم مجبوری کے وقت کچھ مالی معاونت کرے تاکہ ان کو سماج میں زندہ رہنے کا برابر حق حاصل ہو۔ تاہم وادی میں مزدوروں، کارخانوں میں کام کرنے والے کاریگروں، صنعت کاروں ، کاری گروں ، یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے ترکھانوں ، مستریوں ، آٹو رکھشا چلانے والوں ، مالکان کی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیوروں ، ریڑہ بانوں و دیگر افراد کی مدد کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوچکا ہے۔ کیوں کہ مذکورہ طبقہ سے وابستہ مستحق افراد تک محکمہ جانکاری پہنچانے میں کوئی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کررہا ہے ۔ اور اس کی جانکاری محکمہ نے اپنے ہی ملازمین تک محدود رکھی ہے ۔جس کی وجہ سے ایسے مستحق افراد کیلئے کوئی مدد نہیں پہنچ پارہی ہے ۔ محکمہ کی جانب سے مستحق افراد کی بیماری ، بچوں کی شادی بیاہ کے مواقوں اور دیگر اہم ضرورتوں کے وقت انہیں مالی معاونت فراہم کرنا ان کی ذمہ داروں میں شامل ہے تاکہ مذکورہ طبقہ سے وابستہ افراد سماج میں دیگر طبقہ جات کے ہمراہ اپنی زندگی گزارسکے۔سی این آئی کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ محکمہ کی جانب سے ضلعی ہیڈکوارٹروں پر قائم دفتروں میں اگرچہ کوئی مزدور مجبوری کی صورت میں پہنچ بھی جاتا ہے تاہم انہیں کاغذی طوالت میں اس طرح اُلجھایا جاتا ہے کہ وہ دوبارہ دفتر ھٰذا میں جانے کا نام نہیں لیتا ۔ اس کے برعکس مزدور افراد ایجنٹوں کے پاس جاکر ان سے کام کرانے پر مجبور ہوجاتا ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایجنٹوں اور ضلعی دفتروں میں تعینات ملازمین کے مابین گہرا ساز باز ہوتا ہے جس کی وجہ سے ایجنٹ ملازمین کو مزدوروں سے وصول کئے گئے پیسوں میں سے کمیشن ادا کرتا ہے ۔
Comments are closed.