کشمیر ویلی فروٹ گروورس اینڈ ڈیلرس کا وفد جے کے بینک اعلیٰ انتظامیہ سے ملاقی

میوہ صنعت کو تعاون دینا ہماری اولین ترجیح ہے: ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ

سرینگر/26نومبر : کشمیر ویلی فروٹ گروورس اینڈ ڈیلرس یونین(KVFG) کا ایک وفد آج جموں و کشمیر بینک کی اعلیٰ انتظامیہ کے ساتھ بینک کے کارپوریٹ آفس میں ملاقی ہوا۔ بشیر احمد بشیرکی قیادت میں اس وفد نے کئی مالی امورات اور ضروریات پر بینک انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کی جنہیں بغور سنا گیا اور یہ یقین دلایا گیا کہ میوہ صنعت کے ساتھ جڑے تمام کاروباریوں کیلئے بینک کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور انکے تمام جائز مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔ میٹنگ میں بینک اعلیٰ انتظامیہ کی قیادت ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ ارون گنڈوترا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کر رہے تھے جبکہ چیئرمین کے سپیشل سیکریٹری کرن جیت سنگھ ، وائس پریزیڈنٹ منظور حسین اور دیگر سینئر افسراں میٹنگ میں روبرو شریک تھے ۔ اس موقع پر ارون گنڈوترا نے وفد کو بتایا کہ میوہ اگانے والے زمینداروں اور تاجروں کیلئے بینک نے کئی اسکیموں کو پہلے ہی متعارف کر رکھا ہے خاص طور یو ٹی سرکار اور مرکزی سرکار کی سپانسرڈ اسکیموں سے لاکھوں تاجر مستفید ہو چکے ہیں۔ جموں و کشمیر بینک نے اس صنعت کے فروغ کیلئے لامثالی کام کیا ہے جو آئندہ بھی جاری رہیگا۔ میٹنگ میں شرکت کر رہے وفد کے ممبران نے اپنی تجاویز اور آراء بینک کے سامنے پیش رکھیں ۔ فروٹ گروورس کے چیئرمین بشیر احمد نے بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بینک نے وقتِ نازک میوہ صنعت کو کافی راحت پہنچائی ہے لیکن نا گزیر حالات میں آج جن مشکلات کا سامنا یہ طبقہ کر رہا ہے اُس کیلئے موجودہ قرضوں کو واپس چکانے میں کچھ مراعات کا تقاضہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر ہمارے معاملات کی سنوائی کر کے مشکل وقت میں ہمیںراحت پہنچائیں گے۔فروٹ گروورس وفد میں جو دیگر ممبران شامل تھے وہ ہیں فیاض احمد ملک، ظہور احمد تانترے، محمد اشرف وانی، جی اے دیوان، بشیر احمد بابا، غلام محمد شاہد، ایم وائے ڈار اور جی ایم بانڈے۔

Comments are closed.