جموں و کشمیر بینک میں تقرریوں کیلئے آن لائن بھرتی ٹیسٹ شروع
PO اسامیوں کیلئے پہلے روز چھ ہزار کے آس پاس امیدواروں کی شرکت
سرینگر / 25نومبر :-جموں و کشمیر بینک میںپروبیشنری آ فیسر(PO) اسامیوں کی بھرتی کیلئے آن لائن پری لیمنری امتحان آج سے جموں و کشمیر وبیرون ریاست کے39 امتحانی مراکز پر منعقد کرائے گئے۔ اس آن لائن امتحان میں مجموعی طور 56ہزار سے زائد امیدواروں شرکت کر رہے ہیں۔پانچ دنوں تک جاری اس امتحان میں آج پہلے روز تقریباًچھ ہزار امیدواروں نے شرکت کی۔ ملک کی ایک سرکردہ اور باوقار نوڈل ایجنسی انسٹی چیوٹ آف بینکنگ پرسنل سلیکشن (IBPS) کے ذریعے یہ امتحان ٹیکنکل مشاورت میں ماہر ایجنسی ٹاٹا کنسلٹنسی سروس(TCS)کے اشتراک سے لئے جا رہے ہیں۔
جموں و کشمیر بینک نے کووڈ19کے چلتے تمام امتحانی مراکز میں سرکاری ہدایات کو عملانے میں مکمل اقدامات اٹھائے ہیں۔ یہ امتحان پانچ دنوں تک ہر روز چار شفٹوں میں لئے جا رہے ہیں جس کیلئے29امتحانی مراکز جموں و کشمیر یو ٹی میں اور 10مراکزملک کی دیگرمختلف جگہوں پرقائم ہیں۔ جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے امیدواروں کے تئیں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ19کی وجہ سے اس امتحان میں دیری ضرور ہوئی ہے لیکن ہم نے اپنی طور سے ان امتحانوں کو جلد از جلدمنعقد کرانے میں بھر پور کوشش کی جس وجہ سے ہم آج سے ہم یہ عمل شروع کر رہے ہیں۔ امیدواروں کی کثیر تعداد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہمیں امتحانی مراکز کے انتخاب اور وہاں نصب کمپیوٹر نظام کی بلا خلل رسائی کے عمل کو بغور دیکھنا پڑا جو کسی چلینج سے کم نہ تھا۔
امتحانی سینٹروں پر ضوابط اور کووڈ احتیاط کی نگرانی کیلئے زونل افسوں اور ہیڈ آفس سے اعلیٰ افسروں نے سینٹروں کا دورہ کیا اور اسکے علاوہ بینک کے انسانی وسائل محکمے کے سینئر افسراں امتحان کی پوری کاروائی کا جائزہ کارپوریٹ آفس لے رہے تھے۔ بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ سنیل گُپتا نے شہر سرینگر اور اسکے آس پاس کئی امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سنیل گُپتا نے کہا کہ امیدواروں کا جوش و خروش دیکھ کر اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ یہاں کے قابل نو جوان جموں و کشمیر بینک میں کام کرنے کے کتنے مشتاق ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینک نے اپنی طور بھر پور کوشش کی ہے کہ امتحان کے دوران امیدواروں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دریں اثناء امتحان میں شامل امیدواروں نے جے کے بینک کی طرف سے فراہم سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امتحان منعقد کرانے کیلئے ایک اچھا ماحول اور نظم و نسق موجود تھا جس کیلئے ہم بینک انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ ایک امیدوار بسمہ جان نے کہا کہ حصولِ روزگار کیلئے یہاں کے پڑھے لکھے نوجوانوں کی امیدیں جموں و کشمیر بینک کے ساتھ جڑی ہوئی ہیںاور اس بینک میں نوکری کرناہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ کئی مراکز پر والدین کی بھیڑ دیکھی گئی جو اپنے بچوں کو امتحانی مرکز تک ساتھ آئے تھے۔ ایک امیدوار کے والد پی پی سنگھ نے کہا کہ ایک سنہرے مستقبل کیلئے میں اپنی بیٹی کو جموں و کشمیر بینک میں دیکھنا چاہتا ہوں۔
Comments are closed.