کووڈ ویکسین عام لوگوں کیلئے مفت دستیاب رکھی جائے /ڈاک

رواں برس کے آخری ہفتے تک کووڈ مخالف ویکسین دستیاب ہونے کا امکان

سرینگر/23نومبر: ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ کووڈ 19ویکسین جوکہ رواں برس کے آخرتک دستیاب ہوگی کو عام لوگوں کیلئے خاص کر غربا کیلئے مفت دستیاب رکھی جائے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے کہا ہے کہ کووڈ 19مخالف ویکسین عام لوگوں کیلئے مفت دستیاب ہونی چاہئے ۔ ڈاک صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے بیان میں کہا ہے کہ امید ہے کہ ویکسین رواں برس کے آخر تک بازاروں میں مہیا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ماس ویکسینشن سے امیونٹی لیول میں اضافہ ہوگا اور جب ہر فرد ویکسین لے گا تو وائرس کے رہنے کے امکانات کم ہوجائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ جس طرح ہم نے دیکھا کہ عالمی وبائی بیماری پولیو اور سمال پوکس پر ہم نے ویکسنیشن سے ہی نجات حاصل کی اسی طرح کوروناوائرس سے بھی ویکسین سے ہی نجات ممکن ہے ۔ ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا کہ ویکسین ہی کووڈ 19کے خلاف واحد اور موثر ہتھیار ہوگا جس سے انسانی جانیں بچ سکتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر اکثر لوگ ویکسین لیں گے تو ممکنہ طور پر کووڈ کی چین ٹوٹ جائے گی۔ اور اگر آبادی کا بڑا حصہ بغیر ویکسین کے رہے گا تو وائرس کے خاتمہ کے امکانات بھی کم ہوں گے ۔ ڈاک صدر نے کہا کہ ہمیں ویکسین کی ضرورت کو لوگوں کو سمجھانا ہوگا تاکہ کوئی بھی ویکسین لینے سے نہ رہیں اور اسلئے سرکار کو چاہئے کہ وہ اس سلسلے میں لازمی پالیسی اختیار کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک ویکسین پہنچے۔انہوں نے کہا کہ اب بہت سے کووڈ 19ویکسین نے طبی جانچ مکمل کرلی ہے جس کے بہترین نتائج سامنے آچکے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ امید ہے کہ رواں برس کے آخر تک ویکسین عام لوگوں کیلئے دستیاب ہو اسلئے سرکار کو پہلے سے ہی اقدامات اُٹھالینے چاہئے ۔

Comments are closed.