بھارت نے رواں برس 2820مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی

بھارتی فوج کی فائرنگ سے شادی کی تقریب میں 11افراد زخمی ہوئے /پاکستان کا الزام

سرینگر/23نومبر: پاکستان نے بھارتی فوج پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے ایک شادی کی تقریب کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی جس میں گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا مانیٹرنگ کے مطابق ہندوپاک سرحدوں پر جاری کشیدگی کے بیچ سوموار کو پاکستان نے بھارت پر الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی فوج نے بلا اشتعال گولہ باری کی ۔ پاکستانی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے سویلین آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے جگجوٹ گائوں میں شادی کی تقریب میں شریک 11 معصوم شہری زخمی ہوئے۔، زخمی ہونے والوں میں چھ خواتین، چار بچے شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے غیر پیشہ وارانہ اور انسانی حقوق کی صریحا خلاف ورزی کا مظاہرہ کیا۔پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کے سینئیر سفارتکار کو دفترخارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر انتظام کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔زاہد حفیظ چوہدری نے بتایا کہ بھارت کی طرف سے کھوئی رٹہ میں 22 نومبر کو ایل او سی پر جنگ بندی انتظام کی خلاف ورزی کی گئی اور بلااشتعال فائرنگ سے 11 بے گناہ معصوم شہری شدید زخمی ہوئے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ رواں برس بھارت 2820 مرتبہ سیز فایر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے جس سے رواں سال اب تک 26 معصوم شہری جاں بحق جبکہ 245شہری زخمی ہوئے۔

Comments are closed.