پانپور میں مسلح تصادم آرائی اختتام پذیر ،دو لشکر جنگجو جاں بحق ، ایک کی خود سپردگی
ابتدائی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوجوانوں میں سے ایک زندگی کی جنگ ہار گیا ، علاقے میں کہرام
سرینگر/06نومبر: جنوبی قصبہ پانپور کے مضافاتی علاقہ میج علاقے میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں عسکری تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجوئوں جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک نے خود سپردگی کی ۔ ادھر ابتدائی فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے دو نوجوانوں میں سے ایک زندگی کی جنگ ہار گیا جبکہ دوسرے کی ہلاکت نازک بنی ہوئی ہے ۔ پولیس نے جھڑپ میں دو جنگجوئوںکی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں جنگجوئوںکی نعشیں ہتھیاروں سمیت بر آمد کر لی گئی ہے اور ان کی شناخت فوری طور پر نہیںہو سکی ۔ ادھر جھڑپ کے ساتھ ہی پولیس ڈویژن اونتی پورہ میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی ۔ سی این آئی کے مطابق پانپور کے میج علاقے میں دو سے تین جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج کے 50آر آر ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے مشتر کہ طور پر جمعرات کے شام دیر گئے علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی آپریشن شروع کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق جونہی علاقے میں فوج و فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کر دیا تو وہاں چھپے بیٹھے جنگجوئوںنے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی فورسز نے بھی مورچہ زن ہوکر جوابی کارروائی کی اور علاقے میں دو بدو جھڑپ شروع ہوئی ۔پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میں دو نوجوان زخمی ہو گئے جن کو علاج و معالجہ کیلئے سرینگر منتقل کر دیا گیا جبکہ ابتدائی جھڑپ کے بعد جنگجوئوں نے ایک مکان میںپنا ہ لی ۔ اسی دوران اندھیرا چھا جانے کے ساتھ ہی فوج و فورسز نے علاقے میں آپریشن جمعہ کی اعلیٰ صبح تک ملتوی کر دیا اور روشنی کے آلا ت نصب کرکے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا اور جنگجوئوں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے ۔ جمعہ کی اعلیٰ صبح روشنی کی کرن چھا جانے کے ساتھ ہی علاقے میں آپریشن دوبارہ بحال کر دیا گیا اور محاصرے میں پھنسے جنگجوئوں کو خود سپردگی کرنے کیلئے کہا گیا تاہم تین میں سے دو نے پیشکش ٹھکرا دی جبکہ ایک نے ہتھیار ڈال کر فوج و فورسز اور جموں کشمیر پولیس کے سامنے خود سپردگی کر دی ۔ اسی دوران محاصرے میں پھنسے دو جنگجوئوں کے خلاف کارورائی عمل میںلائی گئی اور کئی گھنٹوںکے بعد جب علاقے میں گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو جھڑپ کے مقام سے دونوں جنگجوئوں کی نعشیں بر آمد کر لی گئی ۔ پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پانپور معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے جبکہ تیسرے جنگجو کو زندہ گرفتار کیا گیا۔پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایا’’پانپور، میج میں معرکہ آرائی کے دوران دوجنگجو کو جاں بحق کیا گیا جبکہ ان کے ایک ساتھی نے فورسز کے سامنے سرنڈر کیا‘‘۔پولیس نے کہا کہ گذشتہ شام فورسز آپریشن کے دوران جنگجوئوں نے میج میں فورسز پر گولیاں چلاکر فرار ہونے کی کوشش کی۔اس گولی باری میں دو عام شہری زخمی ہوگئے جن میں سے بعد میں ایک زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ادھر علاقے میں جمعہ کی صبح اس وقت کہرام مچ گیا جب جھڑپ کے ابتدائی فائرنگ میں زخمی ہونے والا نوجوان سرینگر کے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر زندگی کی جنگ ہار گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ 21سالہ عابد احمد میر ولد عبد الحمید میر جو کہ ایک اور نوجوان کے ساتھ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گیا تھا جمعہ کی اعلیٰ صبح سکمز صورہ میں زندگی کی جنگ ہار کر دم توڑ بیٹھا ۔ ادھر جونہی علاقے میں عابد کے جاں بحق ہونے کی خبر پھیل گئی تووہاں صف ماتم بچھ گئی ۔ اسی دوران میج پانپور میں جھڑپ کی شروعات کے ساتھ ہی پولیس ڈویژن اونتی پورہ میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی جو ہنوز بند پڑی ہوئی ہے ۔
Comments are closed.