محبوبہ مفتی نے ترنگے کی بے عزتی کی، ان کا بیان انتہائی افسوسناک : دفعہ 370 کی منسوخی آئینی طور پر کی گئی ،اسے بحال نہیں کیا جائے گا/ روی شنکر پرساد

سرینگر/25اکتوبر: پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی پر ملکی جھنڈے کی بے عزتی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے زور دے کر کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی آئینی طور پر کی گئی ہے اور اسے بحال نہیں کیا جائے گا۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی جانب سے پریس کانفرنس میں ترنگا سے متعلق بیان کی سخت الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے ترنگے کی بے عزتی کی ہے جس کی جنتی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 جس نے سابقہ ریاست کو ایک خاص درجہ دیا تھا اور اسے گزشتہ سال منسوخ کیا گیا تھا کو بحال نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مناسب آئینی عمل کے بعد اسے ہٹا دیا گیا تھا اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے بھاری تعداد میں اس کی منظوری دی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس کو منسوخ کرنا قوم سے ہماری وابستگی ہے اور لوگوں نے اس کی تعریف کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ متعدد طریقوں سے مفتی نے ہندوستان کے اس شبیہہ کی شدید بے قدری کا مظاہرہ کیا ہے جو کہ نا قابل برداشت ہے ۔ انہوں نے دوسری حزب اختلاف کی جماعتوں پر بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی پرچم کی سنگین بے عزتی کرتے ہوئے ان کے بیانات پر ایک خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، یہاں تک کہ وہ معمولی معاملات پر بھی بھگوا جماعت پر تنقید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بالکل منافقت اور دوہرا معیار ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات میں خوشی اور مسرت کے ساتھ حصہ لیا۔

Comments are closed.