فاروق عبد اللہ کی طلبی : مرکز جموں کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے’’ خوفزدہ ‘‘/ محبوبہ مفتی

فاروق عبداللہ کیخلاف سیاسی طور لڑنے میں ناکامی کے بعد بی جے پی نے ایجنسیوں کو کام پر لگا دیا / نیشنل کانفرنس

سرینگر /19اکتوبر: پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی نے نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق کے نام انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طلبی اور پوچھ تاچھ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے ظاہر ہورہا ہے کہ مرکز جموں کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے’’ خوفزدہ ‘‘ہوگیا ہے۔ ادھر جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے کہاہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کیخلاف سیاسی طور لڑنے میں ناکامی کے بعد بی جے پی نے اپنی ایجنسیوں کو کام پر لگا دیا ہے۔ سی این آئی کے مطابق انفورسمنٹ ڈائر یکٹوریٹ کی جانب سے ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کو طلب کرکے ان سے پوچھ تاچھ کرنے کی سخت الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایسی کارورائیاں خوفزدہ کرنے کی کوشش ہے ۔ سماجی وئب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں محبوبہ مفتی نے لکھا کہ فاروق عبد للہ کے نام ای ڈی کی اچانک سمن سے حکومت ہند کا وہ ’’خوف ‘‘ ظاہر ہوتا ہے جو اْسے جموں کشمیر کی مین اسٹریم جماعتوں کے اتحاد سے پیدا ہوا ہے۔انہوں نے مزید لکھا’’یہ سیاسی انتقام گیری ہے لیکن ہم مل جل کر اپنے حقوق کیلئے لڑیں گے‘‘۔ادھر سابق وزیر اعلیٰ عبد اللہ نے اپنے والد کو ای ڈی کے ذریعے طلب کئے جانے کو’’سیاسی انتقام گیری‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا’’یہ سیاسی انتقام گیری کے سوا کچھ نہیں ہے۔اسی دوران پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈارنے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو ای ڈی کا نوٹس صاف طور پر اُس سیاسی جماعتوں کے اتحاد کا نتیجہ ہے جو وہ جموں وکشمیر میں قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ یہ سمن بھاجپا کے نظریہ اور تقسیمی سیاست کی مخالفت کرنے کا بوکھلاہٹ پر مبنی ردعمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ تاریخ گواہ ہے کہ کس طرح بی جے پی مختلف ایجنسیوں اور دھمکی آمیز حربوں کا سہارا لیکر ملک بھر میں حزب اختلاف کے رہنماؤں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ای ڈی میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی تازہ طلبی اسی کی ایک کڑی ہے۔ پارٹی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کیخلاف حالیہ سمن کے وقت سے سیاسی انتقام گیری صاف طور پر واضح ہوجاتی ہے۔ انہیں پچھلا سمن 5اگست 2019کے چند روز قبل بھیجا گیا اور اب عوام تحرک برائے گپکار اعلامیہ کی تشکیل کے چند ہی دن بعد اور سمن آجاتا ہے۔ این سی ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنی بے گناہی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے ماضی میں بھی تحقیقاتی ایجنسیوں کو مکمل تعاون دیا تھا اور مستقبل میں بھی حکام کیساتھ تعاون کریں گے۔

Comments are closed.