چاڈورہ سے اسلحہ سمیت غائب ہوا اہلکار گرفتار، اونتی پورہ میں جنگجو کی کمین گاہ تبادہ
قابل اعتراض مواد ضبط ،راجوری میں دوران ناکہ ٹرک سے رائفل بھی برآمد ہوئی
سرینگر/16اکتوبر: چاڈورہ بڈگام کیمپ سے فرار ہوئے ایس ایس بی اہلکار کو راجوری میں چرائی گئی بندوق سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مفرور اہلکار کو ٹرک میں پناہ دینے کی پاداش میں ٹرک ڈرائیور کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔ ادھر کاونی اونتی پورہ میں فوج اور جموں کشمیر پولیس نے مشترکہ طور پر جنگجوئوں کی کمین گاہ کو تباہ کرکے وہاں سے قابل اعتراض مواد بر آمد کر لیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ ناگام ایس ایس بی کیمپ سے چند روز پہلے بندوق سمیت فرار ہونے والے ایس ایس بھی اہلکار کو اس کے آبائی ضلع راجوری سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ (ایس ایس بی)شسترا سیما بل کی 14بٹالین سے وابستہ ایک اہلکار الطاف حسین 13اکتوبر کو کیمپ سے پُراسرار طور پر غائب ہوا تھا جبکہ اس کی سنائس رائفل بھی کیمپ میں موجود نہیں تھی۔ چنانچہ پُراسرار طور پر غائب ہوئے اہلکار کا پتہ لگانے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کردی گئی تھی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک ناکہ کے دوران جب وہاں سے گزرنے والی ایک ٹرک کی تلاشی لی گئی تو اس میں الطاف حسین کو ڈرائیور کے ساتھ بیٹھا ہوا پایا جس کے بعد مفرور اہلکار کو گرفتار کیا گیا ۔ اس دوران ٹرک سے ایک سنائس رائفل بھی برآمد کرلی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔ ادھر ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج کے 55آر آر اور جموں کشمیر پولیس نے کاونی اونتی پورہ علاقے میں دریائے جہلم کے کنارے تلاشی کارورائی عمل میں لائی جس دوران وہاں جنگجوئوں کی کمین گاہ کو تباہ کر دیا گیا اور اس سے قابل اعتراض مواد بر آمد کر لیا گیا ۔
Comments are closed.