چکورہ شوپیان کے باغات میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مختصر جھڑپ

دو جیش جنگجو جاں بحق ، علاقے میں احتجاجی مظاہرے ، شوپیان میں انٹر نیٹ خدمات معطل

سرینگر /14اکتوبر/سی این آئی// پہاڑی ضلع شوپیان کے چکورہ گائوں کے باغات میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مختصر جھڑپ میں جیش محمد سے وابستہ دو جنگجو جاں بحق ہو گئے ۔ جھرپ کے ساتھ ہی علاقے میں فورسز اور نوجوانوں کے مابین جھڑپیں بھی ہوئی جبکہ ضلع میں انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دو غیر عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کر لیا گیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق شوپیان کے چکورہ نامی گائوں میں دو جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج کے 34آر آر ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے بدھ کے روز علاقے کو محاصرے میں لیا اور وہاں تلاشی کارروائی شروع کر دی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تلاشی کارورائی شروع ہونے کے ساتھ ہی نزدیکی باغات میں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش میں فوج و فورسز پر فائرنگ کی جس کے جواب میں سیکورٹی فورسز نے مورچہ زن ہوکر جوابی کارورائی کی ۔ علاقے میں گولیوں کی گرج گرج سے لوگ سہم گئے جبکہ مختصر گولیوں کا تبادلہ ہونے کے ساتھ ہی فائرنگ کا سلسلہ رک گیا جس کے ساتھ ہی جھڑپ کے مقام سے دو جنگجوئوں کی نعشیں بر آمد کر لی گئی اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی بر آمد کر لیا گیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چکورہ شوپیان نامی گائوں میں دو جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد جونہی علاقے میں فورسز نے محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران پھنسے جنگجوئوں نے گولیاں چلاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔فورسز نے تاہم جنگجوئوں کی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے دو جنگجوئوں کو جاںبحق کیا جن کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ادھر مختصر جھڑپ میں دو جنگجوئوں کی ہلاکت کی خبر جونہی علاقے میں پھیل گئی تو نوجوانوں کی ٹولیوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے جس دوران فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ۔ اسی دوران جھڑپ کے ساتھ ہی ضلع میں موبائیل انٹر نیٹ خدما ت معطل کر دی گئی ۔

Comments are closed.