نئی دلی کے غلط فیصلوں نے جموں و کشمیر کو دہائیوں پیچھے دھکیلا/ نیشنل کانفرنس

بدترین اقتصادی بدحالی اور ریکارڈ توڑ بے روزگاری سے عوام پریشانِ حال

سرینگر /12اکتوبر: نیشنل کانفرنس لیڈر نے پھر گپکار اعلامیہ کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اس اتحاد کو عوام کا مکمل اور بھر پور تعاون حاصل ہے اور اُمید ظاہر کی کہ یہ مشترکہ اتحاد جموں وکشمیر کی چھینی گئی خصوصی پوزیشن کی واپسی کی جدوجہد میں سروخ رو ہوگا۔ سی این آئی کے مطابق جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ضلع اننت نا گ کا ایک غیر معمولی اجلاس آج صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ضلع صدر اننت ناگ الطاف احمد کلو، سینئر لیڈر پیر محمد حسین، صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر اور دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، پارٹی سرگرمیوں ، تنظیمی امورات، یوتھ نیشنل کانفرنس کی تنظیم نو ،لوگوں کے گوناگوں مشکلات، اقتصادی بدحالی اور ریکارڈ تو بے روزگاری کے علاوہ 5اگست2019کے مرکزی حکومت کے غیر جمہوری اور غیر آئینی فیصلوں پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اجلاس میں مقررین نے لوگوں کے مصائب اور مشکلات اُجاگر کئے اور پارٹی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ یوتھ نیشنل کانفرنس کی تنظیم نو کے سلسلے میں ضلع اننت ناگ کی یوتھ ونگ کی تشکیل نو کے سلسلے میں بھی اپنے اپنے مشورے پیش کئے۔ اجلاس میں مقررین نے گپکار اعلامیہ کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اس اتحاد کو عوام کا مکمل اور بھر پور تعاون حاصل ہے اور اُمید ظاہر کی کہ یہ مشترکہ اتحاد جموں وکشمیر کی چھینی گئی خصوصی پوزیشن کی واپسی کی جدوجہد میں سروخ رو ہوگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے مرکزی حکومت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت جموں وکشمیر کے عوام کو اندھیروں میں دھکیلنے میں مصروفِ عمل ہے۔ 2016سے لگاتار ایسے اقدامات اُٹھائے گئے جن سے یہاں کی معیشت دن بہ دن کمزور ہوتی گئی اور اس کی شروعات جی ایس ٹی کے اطلاق سے کی گئی اور جو کچھ باقی رہ گیا تھا وہ کثر5اگست2019سے جاری دوہرے لاک ڈائون نے پوری کردی۔ انہوں نے کہا کہ نئی دلی نے اپنے غیر سنجیدہ اور غیر دانشمندانہ فیصلوں سے جموں و کشمیر کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا اور یہاں کے پُرامن ماحال کو پُرآشوب بنا ڈالا۔ ناصر اسلم وانی نے کہا کہ موجودہ بے چینی اور غیر یقینیت سے جہاں جموں وکشمیر کا ہر ایک باشندہ متاثر ہوا وہیں یہاں کے مالکانِ باغات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گذشتہ برسوں کے دوران یہ لوگ موسم کی قہرسامانیوں سے متاثر ہوئے جبکہ گذشتہ برس یہاں کا میوہ سخت ترین کرفیو کی نذر ہوگیا اور امسال شاہراہ پر میوہ سے بھری گاڑیوں کو بلا وجہ کئی کئی دن تک روک کر اس طبقہ سے وابستہ لوگوں کو زبردست مالی خسارے سے دوچار کیا گیا۔ ناصر اسلم وانی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس شاہراہ پر میوہ گاڑیوں کو کئی کئی روز تک روکنے اور مسافروں گاڑیوں کو تلاشیوں کے بہانے گھنٹوں روکنے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور اس رویہ کو فوری ترک کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ اجلاس میں نائب صدر ضلع ایڈوکیٹ ریاض احمد خان، سید توقیر احمد شاہ، غلام نبی اڑگامی، غلام نبی بٹ، غلام نبی تیلبلی اور ایڈوکیٹ محمد عباس ڈار بھی موجود تھے۔

Comments are closed.