پانپور میں غیر قانونی طور پر ایل پی جی گیس فروخت کرنے والا گروہ بے نقاب

سات افراد گرفتار ، چھ ٹینکر ڈرائیور اور ایک ٹاٹا موبائیل ضبط ، تحقیقات شروع

سرینگر/29ستمبر: اونتی پورہ پولیس نے بلیک مارکیٹ میں رسوئی گیس کی خرید و فروخت کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین افراد کی گرفتاری عمل میںلائی جبکہ چھ ٹینکر بھی ضبط کر لئے گئے ہیں ۔ سی این آئی کو پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پولیس اسٹیشن پانپور کو ایک مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ لیتربل پانپور علاقے میں ایل پی جی کی سلینڈروں کو چور بازاری میں فروخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان ایل پی جی سلنڈروں میںایک ٹینکر سے گیس بھرا جا رہا ہے جس کے بعد پولیس پارٹی نے وہاں چھاپہ ڈال دیا اور اس کوشش کو ناکام بنایا ۔ جس دوران پولیس نے وہاں چھ ایل پی جی سے بھرے ٹینکروں کو ضبط کر لیا جو باہر سے گیس پلانٹ پانپور کیلئے سپلائی کئے جا رہے تھے تاہم بجائے اس کے انہوں نے گیس کو چور بازاری میں فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا تھا ۔ اس موقعہ پر پولیس نے تمام ٹینکروں کے ڈرائیوروں جن کی شناخت وجے سنگھ ساکنہ کھٹوعہ ، نثار احمد ، محمد رمضان بٹ ، محمد رفیق شیخ ، چمالی سنگھ اور پریم سنگھ ساکنان راجوری کے بطور ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس نے ایک ٹاٹا موبائیل گاڑی زیر نمبر JK02AG-0388جس کو اشفاق احمد ڈار ساکنہ لیتہ پورہ چلا رہا تھا کو بھی ضبط کر لیا جس میں 22رسوئی گیس سلنڈر ضبط کر لئے گئے ہیں جبکہ ڈرائیور کی بھی گرفتاری عمل میںلائی گئی ۔ پولیس نے اس معاملے میں پولیس اسٹیشن پانپور میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔

Comments are closed.