پونچھ میں ایک بار پھر آر پار بندوقوں نے اُگلی آگ؛ گولہ باری میں متعدد گائو خانے تباہ، درجن بھر مویشی ہلاک

سرینگر/29ستمبر: پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں ہندوستان اور پاکستانی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ٹھکانوں اور چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں متعدد گائو خانے تباہ ہوئے جن میں موجود درجنوں مویشی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں ۔ آر پار شدید گولہ باری کے دوران مورٹار اور گولیوں کی آوازوں سے سرحدی علاقے دہل اُٹھے اور لوگ محفوظ مقامات میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر منگل کی علی الصبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں ایل او سی پر منگل کی علی الصبح قریب ساڑھے چار بجے پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر شدید گولہ باری شروع کر دی۔انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات بھارتی فوجی اہلکاروں نے حملے کا بھر پور جواب دیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے سے منکوٹ کے بالنوئی علاقے میں نصف درجن مویشی زخمی ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد طرفین کے درمیان ماہ رواں کے دوران اب تک گولہ باری کے تبادلے کے 45 واقعات پیش آئے ہیں۔جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان گذشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان آئے روز کی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں بھارت کی جانب سے جموں کشمیر سے خصوصی پوزیشن کے خاتمہ کے بعد ہندوستان اور پاکستانی افواج کے مابین گولہ باری میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے نتیجے میں اب تک متعدد انسانی جانیں ضاع ہوئی ہے ۔

Comments are closed.