سرحد کے اُس پار لانچنگ پیڈ متحرک ، چار سو کے قریب دراندازی کی تاک میں

پاکستان جنگجوئوں کو کشمیر میں داخل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے ، انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد سرحدپر الرٹ جاری

سرینگر/07ستمبر/سی این آئی// لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر ہند چین کشیدگی کے بیچ انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ سرحد کے اس پار قریب 4سو جنگجو لانچنگ پیڈوں پر موجود ہے جنہیں کشمیر میں داخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق خفیہ اداروں نے سیکورٹی فورسز کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ لاین آف کنٹرول کے اُس پار لانچنگ پیڈ متحرک ہو گئے ہیں اور ان پر قریب 4سو جنگجو کشمیر میں داخل ہونے کی تاک میں ہے اور موقعہ دیکھتے ہی کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے ۔ خفیہ اداروں کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے ان جنگجوئوں کو کشمیر میں داخل کرانے کی بے حد کوششیں کی جا رہی ہے جبکہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے پاکستانی رینجرس ان جنگجوئوں کی کشمیر میں داخل ہونے کی مدد کرتے ہیں ۔ خفیہ اداروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان نے بارڈر ایکشن ٹیم (BAT) کو بھی بھارتی فوجیوں پر حملے کرانے کیلئے متحرک کر دیااور اس پار کئی علاقوں میں ان کی سرگرمیاں تیز ہو چکی ہے اور بھارتی فورسز پر حملے کرنے کا موقعہ تلاش کر رہے ہیں ۔ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق لائن آف کنٹرول پر مژھل ، گریز ، تنگڈار اور جموں کے نوشہرہ و راجوری سیکٹروں میں جنگجوئوں کی نقل و حمل دیکھنے کو ملی ہے جو لانچنگ پیڈوں پر اس پار کشمیر میں داخل ہونے کی تاک میں بیٹھے ہیں ۔ ادھر انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد سرحدوں پر فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا اور دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے متحرک اور چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹ ملنے کے ساتھ ہی سرحدوں پر فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور انہیںکسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔

Comments are closed.