وادی میں بارش نے توڑا گرمی کا زور، لوگوں نے لی راحت کی سانس

کسانوں کے چہرے بھی کھل اُٹھے ، پانی کی مقدار بھی بڑھ گئی

سرینگر/20اگست: وادی میں آج صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہنے کے بعد قریب عصر کے وقت چند منٹوں تک شدید بارش ہوئی جس کے نتیجے میں گرمی کازور ٹوٹ گیا اور لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔ ا س دوران ندی نالوں اور دریائوں میں پانی کی مقدار کافی کم ہونے کے نتیجے میں کسان اور زمیندار بھی پریشان تھے اور آج کی بارش سے ندی نالوں اور دریائوں و جھیلوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے کسان و زمیندار وں کے چہروں پر بھی خوشی ظاہر ہوئی جبکہ چند منٹون کی شدیدبارش سے سڑکیں اور گلی کوچے جھیلوں میں تبدیل ہوئے۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق گذشتہ کئی ماہ سے وادی میں شدید گرمی کے نتیجے میں ندی نالوں ، جھیلوں اور دریائوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوئی تھی جس کے نتیجے میں کھیتی باڑی کرنے والے کسان و زمیندار اپنی اراضی کو پانی نہیں دے پارہے تھے اور متعلقہ محکمہ بھی زمینداروں کوسنچائی کیلئے پانی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا تھا اور آج کی شدید بارشوں نے جہاں ندی نالوں ، دریائوں اور جھیلوں میں پانی کی سطح میں یکدم اضافہ کیا وہیں دریائے جہلم میںپانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔ آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ سے کسانوں اور زمینداروں نے راحت کی سانس لی کیوں کہ انہیں سنچائی کیلئے اب بھر پور پانی دستیاب ہوگیا ہے۔ ایجنسی

Comments are closed.