وادی میں شبانہ بار ش نے طویل خشک موسم کے زور کو توڑ دیا ؛درجہ حرارت میں معمولی کمی ، آئندہ دنوں میں پھر بونداباندی کا امکان

سرینگر/18اگست: شبانہ بارش نے طویل خشک موسم سے لوگوں کو نجات دلایا جبکہ درجہ حرارت میں بھی تھوڑی سی کمی ہوئی ہے ۔ اس دوران آج سرینگر میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.4ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔کرنٹ نیوزآف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر میں گزشتہ شب قریب 3.30بجے بارش ہوئی جس سے وادی میں طویل خشک سالی سے لوگوں کو نجات ملی ہے اس دوران معلوم ہوا ہے کہ شہر سرینگر میں گزشتہ شب صبح صادق تک 20.2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 12.2ملی میٹر ، پہلگام میں 6.2ملی میٹر ، کپوارہ میں 5.2ملی میٹر ، گلمرگ میں 2.6ملی میٹر، کوکرناگ میں 1.8ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس طرح وادی کے اکثر علاقوں میں بارش ہوئی ۔ادھر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر سرینگر میں آج دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.4ڈگری ریکارڈ کرلیا گیا ہے جبکہ گزشتہ روز یعنی سوموار کو وادی میں رواں برس کا سب سے زیادہ گرم دن رہا جس میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35ڈگری ریکارڈ کرلیا گیا ۔ ادھر محکمہ نے بتایا ہے کہ وادی میں اگلے چند دنوں تک پھر سے بوندا باندی ہونے کا امکان ہے تاہم اگلے ایک ہفتے تک درجہ حرارت میں کوئی خاص کمی واقع نہیں ہوسکتی ہے ۔یاد رہے کہ امسال وادی میں گزشتہ چالیس برسوں سے سب سے زیادہ طویل خشک موسم رہا جس میں تین ماہ سے زیادہ عرصہ سے بارش نہیں ہوئی جس کے نتیجے میں فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ ادھر موسم مسلسل خشک رہنے کی وجہ سے کسان اور زمیندار سخت پریشان ہوگئے ہیں اور بارش کیلئے مختلف جگہوں پر خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا ۔ (ایجنسی)

Comments are closed.