کریری جھڑپ کا دوسرا دن :ـ ایک اور جنگجو جاں بحق ، جنگجوئوں کی کمین گاہ تباہ ، تلاشی آپریشن جاری

ہلاکتوں کی تعداد سات تک پہنچ گئی ، مہلوکین میں چار سیکورٹی فورسز اہلکار اور تین جنگجو شامل

سرینگر/18اگست/: کریری بارہمولہ میں جاری مسلح تصادم آرائی کے دوسرے روز ایک اور جنگجو جاں بحق ہو گیا جس کے ساتھ ہی جھڑپ میں جاں بحق ہونے والے جنگجوئوں کی تعداد تین تک پہنچ گئی ہے جبکہ فوج و فورسز نے جنگجوئوں کی کمین گاہ بھی تباہ کر ددی ہے اور علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے ۔ سی این آئی کے مطابق ودی کشمیر میں جنگجویانہ سرگرمیوں میںتیزی کے بیچ سوموار کو شمالی کشمیر کے کریری بارہمولہ علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب مسلح جنگجوئوں نے پولیس و سی آر پی ایف کی پارٹی میں تین فورسز اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد علاقے میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین مسلح تصادم آرائی شروع ہوئی تھی اور سوموار کی شام دیر گئے تک جھڑپ میں دو جنگجو اور چار فورسز اہلکار ہلاک ہو ہو گئے تھے جس کے بعد اندھیرا چھا جانے کے نتیجے میں علاقے میں آپریشن منگل کی صبح تک ملتوی کر دیا گیا ۔ منگل کی صبح بارہمولہ کے کریری علاقے میں اْس جگہ فائرنگ کا سر نو آغاز ہوگیا جہاں گذشتہ روز جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین شدید تصادم ہوا تھا۔منگل کی صبح آپریشن دوبارہ بحال ہونے کے ساتھ ہی طرفین کے مابین شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ منگل کی صبح علاقے میں آپریشن دوبارہ بحال کیا گیا اور جنگجو نزدیکی باغات میں ایک کمین گاہ میں چھپے تھے جس کو فوج و فورسز نے ایک بارودی سرنگ سے اڑا دیا جس کے بعد وہاں ایک اور جنگجو کی نعش بر آمد کی گئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھرپ کے دوسرے روز ایک اور جنگجو کو ہلاک کر دیا گیا جس کے ساتھ ہی جھڑپ میں جاں بحق ہونے والے جنگجوئوں کی تعداد تین تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جنگجوئوں کی کمین گاہ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے ۔ خیال رہے کہ سوموار کی صبح جنگجوئوں نے فورسز پارٹی کو نشانہ کر بنا کر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو سی آر پی ایف اہلکار اور ایک پولیس اہلکا ر ہلاک ہو گیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس ذرائع کے مطابق فورسز کی ایک پارٹی نے ناکہ لگایا تھا جس پر جنگجوئوںنے حملہ کیا جس کے نتیجے میںدو سی آر پی ایف اہلکار اور ایک ایس پی او زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع نے کہا کہ ایس پی او تھوڑی دیر بعد جائے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تاہم سی آر پی ایف اہلکاروں نے نزدیکی اسپتال میں دم توڑ دیا تھا جبکہ بعد میں جھڑپ میں زخمی ہونے والا ایک فوجی اہلکار بھی زخمیوں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ (ایجنسی)

Comments are closed.