پاکستان کشمیری عوام کے منصفانہ حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا / عارف علوی

مانیٹرنگ

سرینگر /14اگست : پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اعلان کیا ہے کہ کشمیری عوام کے منصفانہ حق خودارادیت کی حمایت جاری رہے گی ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان کے صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں جموں وکشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جنہیں بھارتی فورسز کی جانب سے مظالم کاسامناہے۔ اپنے پیغا م میں انہوں نے کہاکہ بھارت گزشتہ تین عشروں سے زائد عرصے سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے اور پانچ اگست 2019 لاک ڈائون کے نفاذ کے بعدبھارت میں تمام اقلیتوں کونشانہ بنایا جارہاہے اور مودی حکومت ملک میںوبالادستی کی پالیسی مسلط کرنا چاہتی ہے۔پاکستانی صدر نے کہاکہ میں جموں وکشمیرکے غیورعوام کویقین دلاتاہوں کہ پاکستان ان کے منصفانہ حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا جس کا وعدہ اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں میں کیاگیا ہے ۔ پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے ہر پاکستانی پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے کام کرنے کا پختہ عزم کرے اور ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے متحدرہیں۔پاکستانی صدر نے کہاکہ یہ دن ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاددلاتاہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں ہمارے ابائو اجداد نے دیں۔ (ایجنسی)

Comments are closed.