سرینگر /9 اگست: محکمہ امور صارفین کپوارہ نے سوگم لولاب میں ایک سرکاری اسٹور پرچھاپہ مار کر سرکاری مٹی کے تیل کو بلیک میں فروخت کرنے والے ڈیلر کو رنگے ہاتھوں دھر لیا ہے۔ادھرمحکمہ نے سادہ لوح لوگوں کو بے وقوف بنانے اور بلیک مارکیٹ میں تیل فروخت کرنے والے ڈیلر کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔کشمیرنیوز ٹرسٹ کے مطابق سوگم لولاب کے ایک تیل ڈیلر کے خلاف مسلسل شکایت موصول ہونے کے بعدتحصیل سیل آفیسر سوگم (ٹی ایس او) احسان الحق خان کی سربراہی میں فوڈ اینڈ سپلائی سرکل سوگم کی ایک ٹیم نے سینئر اسسٹنٹ بشیر احمد ڈار کے ہمراہ اس کے سٹور پرچھاپہ مارا۔ذرائع کے مطابق اس دوران محکمہ نے علاقے میں مٹی کیتیل ڈیلر کو بلیک مارکیٹنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔ذرائع نے تیل ڈیلر کی شناخت محمدموسی خان ولد دلاور خان ساکن ٹیکی پورہ لولاب کے نام سے ظاہر کی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیلر ایک سو لیٹر تیل والاکین بلیک میں فروخت کرنے ہی والا ہء تھا کہ محکمہ کی چھاپہ مار ٹیم نے 40 لیٹر صلاحیت والے ایک کین کو موقع پر پکڑ لیا۔محمد موسیٰ خان پچھلے دس سالوں سے واکول ٹیکی پورہ اور خان چیک علاقوں میں مٹی کا تیل تیل عوام میں تقسیم کررہا ہے۔تاہم مقامی لوگوں نے متعدد مرتبہ اس پر بلیک مارکیٹنگ کے الزامات عائد کئے ہیں۔اس دوران مقامی لوگوں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ علاقے کے دوسرے ڈیلر ایک طویل عرصے سے اس طرح کے عملوں کا سہارا لے رہے ہیں اور عام لوگوں کو مشکلات میں ڈال رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے کہا کہ شکایت درج کرنے کے باوجود بھی ابھی تک کوئی کاروائی شروع نہیں کی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا اگر متعلقہ محکمہ کی جانب سے ان افراد کے خلاف بروقت کارروائی کی جاتی تو کوئی ڈیلر بلیک میلنگ کی ہمت نہیں کرتا۔مقامی لوگوں نے متعلقہ ٹی ایس او پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے میں اس طرح کے غیرقانونی عمل میں ملوثین کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت کارروائی کرے۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.