کشمیر لائے جارہے مزدوروں کا کووڈ ٹسٹ انجام دیا جارہا ہے / صوبائی کمشنر

مختلف ریاستوں سے مزدوروں اور کاریگروںکو لانے کیلئے انتظامیہ نے اقدامات اُٹھائے

وادی میں اینٹوں کی قیمتوںمیں اضافہ ہونے کی وجہ سے یہاں پر تعمیر اتی کام بھی ٹھپ ہوکے رہ گئے تھے کیوںکہ کووڈ19پھیلنے کے نتیجے میں کشمیر سے تمام مزدور واپس چلے گئے تھے تاہم انتظامیہ نے مزدوروںکو واپس لانے کیلئے اقدامات اُٹھائے ہیں ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ڈویژنل کمشنر کشمیر نے بتایا ہے کہ وادی میں اس وقت اینٹوں کا کام پھر سے شدومد سے جاری ہے اور وادی کے مختلف علاقوں میں قائم اینٹ بٹھوں میں کام کرنے والے مزدور اب واپس آچکے ہیں جس کی وجہ سے اینٹوں کی قیمتیں بھی اعتدال پر آچکی ہے ۔ انہوںنے کہا ہے کہ کووڈ19کے نتیجے میں وادی سے تمام مزدور چلے گئے تھے جس کی وجہ سے یہاں تعمیراتی کام بھی ٹھپ ہوئے تھے لیکن اب ان مزدوروںکو واپس لانے کیلئے سرکاری سطح پر اقدامات اُٹھائے گئے ہیں اور ہم روزانہ 2ہزار مزدوروں کو وادی پہنچارہے ہیں جن میں یوپی، پنجاب، بہار، چھتیس گڑھ ، بنگال اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مزدوروں اور کاریگروں کو لایا جارہا ہے تاہم کسی بھی ریاست کی گاڑی کو مزدور لیکر جموں کشمیر میں داخل ہونے کی اجاز ت نہیں ہے بلکہ جموں سے انہیں ایس آر ٹی سی گاڑیوں کے ذریعے وادی پہنچایا جارہا ہے ۔ جو بھی مزدور وادی میں داخل ہوتے ہیں ان کا پہلے کووڈ19ٹسٹ کرایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں تما م قواعد پر عمل کیا جاتا ہے ۔ ادھر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لور منڈا چیک پوسٹ پر تمام افراد کا ٹسٹ کیا جاچکا ہے جن میں سے 16جولائی تک 11افراد کا ٹسٹ پازیٹو آیا ہے جن کو آیسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس سلسلے میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔

Comments are closed.