کیلر شوپیاں کو پہلی بار بجلی فراہم کی گئی ، علاقے میں جشن کا ماحول

سات دنوں کے اندر 5ٹرانسفارمر کئے گئے نصب ، 70سال کرنا پڑا تھا انتظار

سرینگر/18جولائی: ضلع شوپیاں کے ایک دور درا ز علاقے میں پہلی بار بجلی پہنچنے پر علاقے کے لوگوں نے جشن منایا۔ معلوم ہوا ہے کہ اس دور جدید میں بھی علاقہ برقی رو کی سہولیات سے محروم تھا تاہم مرکزی سکیم کے تحت اب بجلی پہنچائی گئی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں کے کیلر علاقے میں لوگوں کی خوشیوں کا ٹھکانہ نہ رہا جب علاقہ کو برقی رو سے روشن کیا گیا ۔ علاقہ میں پہلی بار بجلی دیکھنے پر علاقہ کے لوگوں نے جنش منایا اوراس پر متعلقہ حکام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے گھروں میں پہلی بار بجلی دیکھی ہے ۔ مرکزی سکیم کے تحت علاقہ کیلر کو بجلی فراہم کی گئی ہے جس پر مقامی لوگوںنے اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہمارے بچے بھی بجلی سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں خاص کر بجلی کے ذریعے اب ہمارے بچے کمپوٹر اور ٹیلی ویژن سے مستفید ہوسکتے ہیں جس سے ان کے علم میں اضافہ ہوگا۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ اس دور جدید میں بھی ہمارا علاقہ بجلی جیسی ضروری سہولیات سے محروم تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں اب تک جتنی بھی سرکاریں بنیں تھی انہوں نے ہمارے ساتھ وعدے تو کئے کہ علاقہ کو بجلی پہنچائی جائے گی لیکن اب تک کسی بھی لیڈر کا کوئی وعدہ پوار انہیں ہوا ۔ اس ضمن میں ایگزکیٹیو انجینئر شوپیاں نے کہا کہ ہم نے مذکورہ علاقہ میںصرف 7دنوں میں پانچ ٹرانسفارمر نصب کئے ہیں اور کیلر کے مختلف دیہات کو بجلی فراہم کی ہے ۔ جس پر مقامی لوگوں نے محکمہ کی کافی سراہنا کی ہے ۔ (سی این آئی )

Comments are closed.