بڈگام میں کوروناوائرس کے کیسوں میں اضافہ کے بعد؛ ضلع میں بھی دوبارہ سخت لاک ڈاؤن نافذکیا گیا

سرینگر/16جولائی: وسطی ضلع بڈگام میں کوروناوائرس کے کیسوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہونے کے بعد ضلع انتظامیہ نے دوبارہ لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں درج ہو رہے غیر معمولی اضافے کے پیش نظر وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھی جمعرات کے روز ایک بار پھر لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا جس کے نتیجے میں ضلعے کے تمام قصبوں کے بازاروں میں ایک بار پھر الو بولنے لگے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ بڈگام کی طرف سے جاری ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کیسز میں گذشتہ چند روز سے درج ہو رہے اضافے کے پیش نظر قصبہ بڈگام، ماگام، چاڈورہ، بی کے پورہ، بمنہ، چرار شریف، ناربل، بیروہ، چھتر گام، ناگام، خانصاحب وغیرہ میں 16 جولائی سے 20 جولائی تک تمام دکانیں بند رہیں گی اور پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل پر بھی مکمل پابندی عائد رہے گی۔قصبہ بڈگام میں جمعرات کے روز بازاروں میں ایک بار پھر الو بولنے لگے، تمام دکانیں بند رہیں اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل مکمل طور پر بند رہی بلکہ نجی گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر رہی۔یاد رہے کہ وادی میں چند ہفتوں پہلے لاک ڈاون مکمل طور پر ہٹایا گیا تھا جس کے بعد کوروناوائرس کے کیسوں میں تیزی سے اضافہ کے علاوہ اموات کی شرح بھی بڑھ گئی جس کے پیش نظر کئی اضلاع میں دوبارہ لاک ڈاون نافذ کیا گیا ۔

Comments are closed.