وترگام رفیع آباد میں میونسپل کمیٹی چیرمین کا فلمی اندازمیں اغوا

علاقے میں سنسنی اور خوف کا ماحول، اغواکاروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع

سرینگر/15جولائی: وتر گام بارہمولہ میونسپل کمیٹی کے چیرمین کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و دہشت پھیل گئی ہے جبکہ پولیس، فوج اور فورسز نے وائس پریذیڈنٹ کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے تاہم تادم تحریر انہیں ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی ۔کرنٹ نیو ز آف انڈیا کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے وتر گام علاقے میں اُس وقت سنسنی اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب میونسپل کمیٹی وترگام کے وائس پریذیڈنٹ کو نامعلوم افرادنے فلمی انداز میں اغوا کیا ۔ وائس پریذیڈنٹ محراج الدین ملہ کو نامعلوم افراد نے اُس وقت فلمی انداز میں اغوا کیا جب وہ اپنے دوست سے ملنے کیلئے سڑک پر پیدل چل رہا تھا جس دوران وہاں سے ایک سینٹرو گاڑی گزری جس میں سے چند افراد نے اس کو زبردستی گاڑی میں بٹھاکر اغوا کرلیا ۔ اس واقع سے علاقہ بھر میں سنسنی اور خوف و دہشت پھیل گئی ہے ۔ اس واقع کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس ذرائع نے بتایا کہ مغوی میونسپل کمیٹی کے نائب صدر کو ڈھونڈنکالنے اور اغواکاروں کا پردہ فاش کرنے کیلئے بڑ ے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا گیا ہے جس میں فوج، پولیس اور فورسز نے مشترکہ طور پر ٹیم تشکیل دی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آیا اغواکار مسلح تھے یا غیر مسلح اس بارے میں بھی ابھی تک کوئی جانکاری نہیں ملی ہے تاہم جلد ہی اغواکاروں کو پکڑا جائے گا۔

Comments are closed.