جنگجو مخالف کارروائیاں جاری رہیں گی:جنرل راوت

سرینگر/ کشمیر وادی میں جنگجو مخالف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ جنرل بپن راوَت نے کہا ہے کہ یہ بات پاکستان پر منحصر ہے کہ وہ جنگجو تنظیموں کے ساتھ کیا رویہ اختیار کرتا ہے، تاہم بھارت یہ مسئلہ اٹھاتا رہے گا۔ مانیٹرنگ کے مطابق صورت گڑھ ملٹری اسٹیشن جے پور میں ایک تقریب کے حاشیے پرنامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران جنرل بپن راوَت سے جب جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں ہوئی جھڑپ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں جنگجوﺅں کاصفایا کرنے کےلئے فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی۔اس ضمن میں ان کا کہنا تھا”کشمیر وادی میں آپریشن مسلسل جاری ہے اور ہمیں صورتحال میں بہتری نظر آرہی ہے، یہ کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی“۔ ایک سوال کے جواب میں بری فوج کے سربراہ نے پاکستان کا نام لئے بغیر اس پر جنگجوﺅں کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا”پڑوسی ملک کیسے جنگجو تنظیموں سے نمٹتا ہے، یہ ان کا اپنا مسئلہ ہے،لیکن ہم یہ مسئلہ اٹھاتے رہیں گے، ہم نہیں چاہتے کہ ایسی تنظیموں کو فروغ دیا جائے“۔انہوں نے کہا”ہم آسانی کے ساتھ یہ بات سمجھ سکتے ہیں کہ دہشت گردوں کو کہاں سے حمایت مل رہی ہے ؟یہ واضح ہے کہ سرحد کے اُس پار سے “۔فوجی سربراہ نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ جب تک جنگجو اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے، فوج ان کے خلاف اپنے آپریشنز جاری رکھے گی۔جنرل بپن روات نے مزید بتایا کہ ہر اُس شخص کو فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا جو عسکری سرگرمیوں میں ملوث ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ فوج جموں کشمیر میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہی ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

Comments are closed.