شہر خاص میں بھیانک آگ، 11رہائشی مکان خاکستر 

سرینگر  / شہر خاص کے گنجان آبادی والے علاقہ کنہ دیور حول میں آگ کی بھیانک واردات کے دوران 11رہائشی مکانات خاکستر ، لاکھوں روپیہ مالیت کی گھریلو اشیاءراکھ کے ڈھیر میں تبدیل ۔ گیارہ کنبوں سے وابستہ افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ درمیانی رات کو کنہ دیور میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے دس رہائشی مکان خاکستر ہوئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ15فائر ٹینڈروں کی مددسے آگ کومزید پھیلنے سے روک دیا گیا ۔ شہر خاص کے کنہ دیور حول میں 4اور 5دسمبر کی درمیانی رات کو رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اپنے متصل ایک درجن کے قریب مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا ۔ نمائندے کے مطابق رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی خبر پھیلتے ہی گنجان آبادی والے علاقہ کنہ دیور میں افرا تفری کاماحول پھیل گیا اور لوگ رہائشی مکانوں سے قیمتی سامان نکال کر محفوظ جگہوں کی طرف منتقل ہوئے ۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے اہلکار جائے موقع پر پہنچ گئے اور آگ کو بجھانے کی کارروائی شروع کی تاہم آگ اس قدر بھیانک تھی کہ گیارہ رہائشی مکان پوری طرح سے خاکستر ہوئے اور اُن میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا اور اس طرح سے گنجان آبادی والے علاقہ کو تباہ ہونے سے بچایا گیا ۔ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے مطابق کنہ دیور حول میں 11بجکر 10منٹ پر آگ نمودار ہوئی ، مقامی لوگوں کی جانب سے فون پر اطلاع دینے کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے اہلکار جائے موقع پر پہنچ گئے تاہم آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے گیارہ رہائشی مکانوں سے بیک وقت آگ کے شعلے بلند ہونے لگے ۔اس دوران 15فائر ٹینڈروں نے انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا تاہم آگ کی اس واردات کے دوران گیارہ رہائشی مکان مکمل طورپر خاکستر ہوئے اور اُن میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کا سامان بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا۔ نمائندے کے مطابق آگ سے متاثرہ کنبے سردی کے ان ایام میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں کیونکہ بھیانک آتشزدگی کے نتیجے میں رہائشی مکان مکمل طورپر خاکستر ہوئے ہیں۔ جے کے این ایس نے اس ضمن میں جب فائر اینڈایمرجنسی محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ کنہ دیور حول میں آگ کی بھیانک واردات کے دوران دس رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوںنے کہاکہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بستی کو خاکستر ہونے سے بچایا گیا کیونکہ جس علاقہ میں آگ نمودار ہوئی تھی وہ کافی گنجان تھا اور وہاں پر فائر ٹینڈروں کا پہنچانا ناممکن تھا تاہم اس کے باوجود بھی محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے نے کمال جرائت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔ (بشکریہ ایجنسیز)

Comments are closed.