بجلی کی آنکھ مچولی ،کپوارہ میں احتجاج
کپوارہ کپوارہ میں مردوزن کی ایک بڑی تعداد نے بجلی کی آنکھ مچولی کے خلاف سڑکوں پر آکر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اورکپوارہ چوکی بل سڑک پر دھرنا دیکر ٹریفک کی نقل وحمل مسدودکردی۔ پیر کی صبح ریگی پورہ کپوارہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بجلی کی سپلائی میں بار بار خلل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔مظاہرین میںخواتین اور بچے بھی شامل تھے اور انہوں نے سڑک پر دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمدورفت میں رکاﺅٹ ڈالی اور محکمہ بجلی کے خلاف زور دار نعرے بازی کی۔ احتجاجی صارفین کا الزام تھاکہ محکمہ بجلی نے امسال اپنی مرضی کے مطابق انوکھا شیڈول ترتیب دیاہے جس کے تحت ہردس منٹ کے بعد بجلی چلی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے سردی کے رواں ایام میں انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مظاہرین نے بتایا کہ میٹر نصب ہونے کے باوجود ان کا علاقہ اکثر اوقات اندھیرے میں ڈوبا رہتا ہے ، حالانکہ وہ وقت پر بلوں کی ادائیگی عمل میں لاتے ہیں۔800کنبوں پر مشتمل ریگی پورہ کی یہ بستی ڈی سی آفس سے زیادہ دور بھی نہیں ہے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ معاملہ کئی بارمحکمہ کے متعلقہ افسران کی نوٹس میںلایا گیا لیکن کسی نے توجہ نہیں دی جس کے باعث وہ سڑکوں پر آنے کےلئے مجبور ہوگئے۔لوگوں کا مطالبہ ہے کہ میٹر والے علاقوں میں بلا خلل بجلی دستیاب رکھی جائے۔ مظاہرین نے چوکی بل کی طرف جانے والی سڑک پر رکاﺅٹیں کھڑی کرکے گاڑیوں کی آمدورفت روک دی جس کے نتیجے میں متعدد چھوٹی بڑی گاڑیاںدرماندہ ہوکر رہ گئیں ۔یہ صورتحال قریب ایک گھنٹے تک برقراررہی جس کے باعث گاڑیوں میں سوار مسافروں کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا ۔بعد میں پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے اس یقین دہانی کے ساتھ مظاہرین کو پر امن طور منتشر کردیا کہ ان کا مسئلہ فوری طور متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
Comments are closed.