گھریلو تنازعہ:بیٹے نے باپ کو جان سے مارنے کےلئے فائرنگ کی

پٹن /پٹن کے مضافات میں باپ بیٹے کے درمیان جھگڑے نے اس وقت خونین رُخ اختیار کیا جب بیٹے نے باپ کو جان سے مارنے کےلئے اپنی12بور رائفل سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اسکی بہن اور باپ سمیت3افراد زخمی ہوئے جن میں شامل بیچ بچاﺅکرنے والے18سالہ نوجوان کو تشویشناک حالت میں سرینگر کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔پولیس نے معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے اور مفرور ملزم کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے ۔ قصبہ کے گنڈ ابراہیم نامی گاﺅں میں بشیر احمد ڈار ولد غلام محمد کااپنے بیٹے فیاض احمد ڈارکے ساتھ کسی بات کو لیکر تنازعہ چل رہا تھا جس پردونوں باپ بیٹے اکثر اوقات ایک دوسرے سے لڑائی جھگڑے پر اتر آتے تھے۔نمائندے نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پیر کی صبح بھی دونوں کے مابین اسی تنازعے کو لیکر پہلے زبر دست نوک جھونک اور بحث و تکرار ہوئی جبکہ بعد میں نوبت باضابطہ ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دوبدوجھڑپ کے بیچ ہی فیاض احمد اپنی لائنس شدہ12بور رائفل لیکر آیا اوراپنے والدکو نشانہ بناتے ہوئے گولی چلائی۔گولی چلنے کی آواز سے پورے علاقے میں سراسمیگی پھیل گئی اور لوگ گھروں سے باہر آکر جائے واردات کی طرف دوڑپڑے۔اس واقعہ میں ایک دوشیزہ سمیت3افراد مضروب ہوئے جن میں شامل18سالہ وحید احمد ڈار ولد منظور احمد کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال پٹن سے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سرینگر منتقل کیا گیا۔اس کے سر میں کارتوس کے چھروں سے شدید زخم لگے ہےں اور اسپتال میں اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وحید جھگڑے کے دوران فریقین کے مابین بیچ بچاﺅ کی کوشش کررہا کہ وہ گولی کا شکار ہوگیا۔واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے اور لوگ طرح طرح کی چہ مگوئیاں کررہے ہیں۔ دیگر دو زخمیوں میں فیاض کی بہن رخصانہ اور والد بشیر احمد ڈار شامل ہیں جن کا علاج پٹن اسپتال میں ہی کرایا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ ان دونوں کو معمولی زخم لگے ہیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم علاقے میں پہنچی اور معاملے کی نسبت مقامی لوگوں سے جانکاری حاصل کرنے کے بعد چھان بین شروع کردی۔واردات کے فوراً بعد ملزم جائے واردات سے فرار ہوگیا۔ اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید شروع کی گئی ہے اورپولیس ملزم کو پکڑنے کےلئے چھاپے مار رہی ہے ۔(کے ایم این

Comments are closed.