جموںو کشمیر بینک کی طرف سے سرینگر میں اشیائے خوردنی کی تقسیم،

ڈاڈہ اوم پورہ میں اے ٹی ایم چالو

سرینگر /22 اپریل: موجودہ کورونا وائرس وباء سے پیدا شدہ مشکلات سے غریب عوام کو راحت پہنچانے کی غرض سے جموں و کشمیر بینک کی طرف سے آج شہر سرینگر کے کئی متاثرہ علاقوںمیں اشیائے خوردنی بانٹی گئیں جس میں خشک چاول، آٹا، دالیں اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ بینک کے زونل ہیڈ کشمیر سینٹرل وَن سید رئیس مقبول کی نگرانی میں تقسیم کاری کو عمل میں لایا گیا جس کیلئے برانچ منیجروں اور کلسٹر آفسوں نے مستحق افراد کی نشاندہی کی تھیں۔نائد یار، مہجور نگر، شہرِ خاص اور شالیمار علاقوں میں گزر بسر کر رہے مفلس لوگوں کے علاوہ بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے مزدوروں میں بھی اشیائے خوردنی بانٹی گئیں۔زونل ہیڈ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے کا سب سے بڑا مالی ادارہ ہونے کے ناطے یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مستحق اور غریب لوگوں کا خیال رکھیں اور اپنے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر کی ہدایات پر ہم نے آج لگ بھگ دو سو غریب کنبوں میں اشیائے خوردنی مفت میں تقسیم کیں۔تقسیم کاری کے اس عمل سے مستفید افراد نے بینک کی ان کاوشوں کی کافی سراہنا کی۔
دریں اثناء چادورہ ضلع کے ڈاڈہ اوم پورہ میں آج جے کے بینک کا نیا اے ٹی ایم چالو کیا گیا تاکہ برانچوں میں گاہکوں کے بھاری رش کو کم کیا جا سکے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔اس اے ٹی ایم کو چالو کرنے کی مناسبت سے زون کے زونل ہیڈ سید شجاع حسین اندرابی نے کہا کہ جہاں ہم اپنے گاہکوں کو ڈجیٹل چنلز کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دے رہے ہیں وہی مناسب جگہوں پر ٹیلر مشینوں کی تنصیب میں بھی تیزی لائی جا رہی ہے اور لوگوں سے ہماری گزارش ہے کہ وہ سماجی دوری کا خاص خیال رکھتے ہوئے اس اے ٹی ایم کا بہ آسانی استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے چیئرمین کی ہدایات پر بہت قلیل مدت میں اس مشین کو عوام کے نام وقف کیا تاکہ موجودہ پُر آشوب حالات میں اوم پورہ چاڈورہ اور اسکے گرد و نواح میں لوگ اس مشین سے استفادہ کریں۔ مقامی لوگوں نے بینک کے اس اقدام کی سراہنا کی اور کہا کہ اس سے موجودہ حالات میں در پیش مسائل پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔

Comments are closed.