سری نگر میں رواں موسم کی سرد ترین رات
سرینگر/ وادی کشمیر میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات رواں موسم میں اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جس کے دوران گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی 3.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب خطہ لداخ میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ درج کیا جارہا ہے اور لیہہ میں گذشتہ رات کم ازکم درجہ حرارت منفی12ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خطہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق منفی درجہ حرارت کے باعث وہاں بیشتر آبی ذخائر منجمند ہونے لگے ہیں۔
اس دوران محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری موسمی بلیٹن میں وادی میں آئندہ 48گھنٹوں سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بارش ہونے پر وادی میں طویل عرصےسے جاری خشک موسم کا خاتمہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں گذشتہ رات کم از کم درجہ حرارت منفی3.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ی3.7ڈگری کے ساتھ وادی میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات رواں موسم میں اب تک سرد ترین رات ثابت ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بحیرہ عرب سے اٹھنے والی سمندری ہوائیں امکانی طور پر خطہ میں داخل ہوں گی، جو یہاں میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سبب بنیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوگا ،جو وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ انہوں نے وادی میں جاری طویل خشک موسم پر کہاکہ یہ کوئی نیا رجحان نہیں ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق 1998 ء، 2000 ءاور 2002 ءمیں بھی مہینوں تک خشک موسم دیکھا گیا۔ حالیہ برسوں میں 2007 ءمیں اکتوبر اور نومبر کے مہینوں کے دوران کوئی بارش نہیں ہوئی‘۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں طویل عرصے سے جاری خشک موسم کے باعث دریائے جہلم اور اس کے معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ دریائے جہلم اور شمالی کشمیر میں واقع مشہور جھیل ولر میں پانی کی سطح گذشتہ دو دہائیوں میں اب تک کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ خشک موسم کے باعث وادی میں زعفران کی فصل میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ معمر افراد اور چھوٹے بچے سرد موسم کی بیماریوں کے شکار ہونے لگے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں جاری سردی کی لہر بدھ تک جاری رہے گی اور اس دوران موسم خشک بھی رہے گا۔
خطہ لداخ میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ درج کیا جارہا ہے اور لیہہ میں گذشتہ رات کم ازکم درجہ حرارت منفی12ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔پہلگام اور گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت منفی4.1اورمنفی3ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
جموں میں کم ازکم درجہ حرارت8.7ڈگری،کٹرا میں8.8ڈگری،بٹوت میں کم ازکم درجہ حرارت4.2ڈگری ،بانہال میں 0.2ڈگری اور بھدرواہ میں کم ازکم درجہ حرارت2ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔
Comments are closed.