سوپور میں طویل تلاشی آپریشن کے بعد مسلح تصادم آرائی ، مقامی جیش جنگجو جاں بحق
رہائشی مکان بھی زمین بوس ، علاقے میں آپریشن جاری ، سوپور میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات بھی معطل
سرینگر/08اپریل/سی این آئی// شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی کے دوران مقامی جیش کمانڈر جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ جھڑپ میں ایک رہائشی مکان زمین بوس ہونے کے علاوہ فوجی اہلکار بھی زخمی ہو گیا ۔ پولیس نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میںآپریشن جاری ہے اور ابھی تک ایک جنگجو کے جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔سی این آئی کو ذرائع سے معلو م ہوا ہے کہ گل آباد آرمپور سوپور علاقے میں دو سے چار جنگجو ئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد منگل کی شام دیر گئے فوج کے 22آر آر ، سی آر پی ایف اور ایس او جی سوپور نے علاقے کو محاصرہ میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ 14گھنٹے کے طویل تلاشی آپریشن کے بعد علاقے میں دو بدو جھڑپ بدھ کی صبح اس وقت شروع ہوئی جب ایک رہائشی مکان میں محصور جنگجوئوں نے تلاشی آپریشن کے دوران فورسز پر گولیوں چلائی جس کے ساتھ ہی فورسز نے بھی جوابی کارورائی کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں فائرنگ شروع ہونے کے ساتھ ہی فورسز کی مزید کمک طلب کی گئی جبکہ تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کرکے جنگجوئوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں دن بھر وقفے وقفے سے گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد فوج وفورسز نے اس مکان جس میں جنگجو ئوں چھپے بیٹھے تھے کو باردوی سرنگ سے اڑا دیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ مکان زمین بوس ہونے کے بعد تلاشی آپریشن کے دوران مکان کے ملبے سے ایک جنگجو کی نعش بر آمد کی گئی جس کی شناخت جیش کمانڈر سجاد نواب ڈار ساکنہ سوپور کے بطور ہوئی ۔ پولیس ترجمان نے جھڑپ میںجیش جنگجو کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں آپریشن ابھی جاری ہے ۔ ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی ہے جبکہ علاقے میں ہنوز تلاشی آپریشن جاری ہے اور فوج و فورسز کو شبہ ہے کہ جھڑپ میں مزید جنگجو جاں بحق ہو گئے ہیں ۔
Comments are closed.